سرکاری کوارٹر میں سب انسپکٹر نایاب خان کی خودکشی – روزہ کی حالت میں انتہائی اقدام

اتر پردیش کے رامپور ضلع کے سوار پولیس اسٹیشن  میں تعینات سب انسپکٹر 50 سالہ نایاب خان  نے اپنے سرکاری کوارٹر کے کمرے میں پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی۔ وہ اوریہہ ضلع کے رہائشی تھے۔

 

گھر والوں نے ان کا موبائل بند پایا تو اسٹیشن کے سرکاری نمبر پر کال کی، جس کے بعد پولیس اہلکاروں نے ان کے کمرے کا جائزہ لیا تو خودکشی کا علم ہوا۔ اطلاع ملنے پر ایس پی ودیا ساگر مشرا اور اے ایس پی اتل کمار سریواستو موقع پر پہنچے، تاہم گھر والوں کے آنے تک نعش کو نہیں اتارا گیا۔

 

نایاب خان تقریباً دو سال سے سوار پولیس اسٹیشن میں سب انسپکٹر کے طور پر تعینات تھے۔ چہارشنبہ کو وہ ایک کیس کے سلسلے میں عدالت گئے تھے اور وہاں سے واپس آکر اپنے کمرے میں چلے گئے۔ سب کچھ معمول کے مطابق تھا،

 

لیکن دوپہر میں پولیس اسٹیشن کے سرکاری نمبر پر ان کے کسی رشتہ دار کی کال آئی، جس میں کہا گیا کہ نایاب خان کا نمبر بند آرہا ہے اور ان سے بات کرنی ہے۔ جب پولیس اہلکار ان کے کمرے پر پہنچے تو دروازہ اندر سے بند تھا اور کوئی جواب نہیں مل رہا تھا۔ کھڑکی سے جھانک کر دیکھا گیا تو وہ پنکھے سے لٹکے ہوئے تھے۔

 

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اسٹیشن میں سنسنی پھیل گئی اور پورا عملہ حیران رہ گیا۔ اعلیٰ حکام کو خبر دی گئی، جس کے بعد ایس پی ودیا ساگر مشرا، اے ایس پی اتل کمار سریواستو اور سی او بلاسپور موقع پر پہنچے۔ انہوں نے حالات کا جائزہ لے کر ضروری ہدایات دیں اور واپس چلے گئے۔

 

فی الحال خودکشی کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، بتایا جاتا ہے کہ نایاب خان روزہ بھی رکھا تھا اور روزہ کی حالت میں ہی خودکشی کرلی ۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *