
حیدرآباد ۔ ریاست آندھراپردیش میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے حکومت نے بائیک ٹیکسی سروس کمپنی “ریاپیڈو” کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانا اور انہیں نقل و حمل کے شعبے میں ایک نئی پہچان دینا ہے۔
حکومت کے اس منصوبے کے تحت سیلف ہیلپ گروپس (SHGs) کی ارکان جن کے پاس ڈرائیونگ لائسنس ہے انہیں ای بائیکس اور ای آٹوس فراہم کیے جائیں گے۔ ان خواتین کو ریاپیڈو کے پلیٹ فارم سے جوڑ کر ان کی آمدنی کے مواقع بڑھائے جائیں گے۔ ابتدائی طور پر حکومت وشاکھاپٹنم اور وجئے واڑہ میں تقریباً 400 ای بائیکس اور ای آٹوس فراہم کرنے کا منصوبہ ہےجس کے بعد اس منصوبہ کو دیگر شہروں جیسے کاکناڈا، راجمندری، گنٹور، نیلور، تروپتی اور کرنول تک وسعت دی جائے گی جہاں مجموعی طور پر مزید 200 گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔
اس منصوبہ کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ حکومت ان خواتین کو گاڑیاں خریدنے کے لیے مدرا اسکیم اور دیگر خود روزگار پروگراموں کے تحت قرض فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ ریاپیڈو کے ساتھ معاہدہ کے تحت ابتدائی تین ماہ تک ان خواتین کو کمپنی کو پلیٹ فارم چارجس ادا نہیں کرنے ہوں گے۔ اس کے بعد انہیں ہر ماہ صرف 1000 روپے ادا کرنا ہوں گے۔
کمپنی ان گاڑیوں کے لیے ہر ماہ 300 بکنگ فراہم کرے گی جو ان خواتین کی آمدنی میں اضاف کا باعث بنے گا۔