مرکز اور ریاستی حکومتوں کا مسلمانوں کے ساتھ سوتیلا رویہ۔ مایاوتی

نئی دہلی ۔ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی نے مرکز اور ریاستی حکومتوں پر مسلمانوں کے ساتھ سوتیلا رویہ اختیار کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومتوں کو تمام مذاہب کے ساتھ یکساں سلوک کرنا چاہیے تاکہ ملک میں امن و سکون قائم رہے اور تمام افراد خوشحالی کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔

 

مایاوتی نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ ‘ایکس’ پر ایک ہندی پوسٹ میں اس بات کا اظہار کیا کہ اس قسم کے فرقہ وارانہ رویہ سے سماج میں امن و آشتی پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں جو کہ نہایت تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان ایک سیکولر ملک ہے جو تمام مذاہب کا احترام کرتا ہے اور اس لئے حکومتوں کو ہر مذہب کے پیروکاروں کے ساتھ بلا تفریق سلوک کرنا چاہیے۔

 

مایاوتی نے مسلمانوں کے ساتھ حکومت کے سوتیلے سلوک کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مذہبی معاملات میں مسلمانوں کے ساتھ امتیاز برتنا انصاف کے اصولوں کے خلاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سبھی مذہبوں کے تہواروں، تقریبات اور مخصوص ضوابط پر یکساں طور پر قانون اور ضوابط کی پابندی ہونی چاہیے، لیکن اس وقت ایسا نہیں ہو رہا، جو کہ سماجی ہم آہنگی اور بھائی چارہ کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ حکومتوں کو اس سنگین مسئلے پر فوری توجہ دینی چاہیے تاکہ ملک میں امن و آشتی برقرار رہے اور تمام شہریوں کے درمیان محبت اور بھائی چارے کا ماحول قائم رہ سکے۔

 

 

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *