پی ایم مودی نے آج گجرات کے ’ونتارا‘ کا دورہ کیا جس کی کچھ تصویریں سامنے آئی ہیں۔ ایک تصویر میں پی ایم مودی کو شیر کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے جس میں وہ ہاتھ ہلاتے نظر آ رہے ہیں۔
شیر کے بچے کو دودھ پلاتے ہوئے پی ایم مودی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج گجرات میں وائلڈ لائف دفاع، بازآبادکاری و تحفظ مرکز ’ونتارا‘ کا افتتاح کیا اور پھر اس کا دورہ بھی کیا۔ اس دوران انھوں نے شیر کے بچوں کے ساتھ کچھ اہم اوقات گزارے۔ ان کی کچھ تصویریں اور ویڈیوز سامنے آئیں ہیں، جن میں وہ شیر کے بچے کو بوتل سے دودھ پلاتے دکھائی دے رہے ہیں۔ انھوں نے ونتارا میں ہاتھی اور گینڈے کے ساتھ ساتھ کچھ دیگر جانوروں کے ساتھ بھی تصویریں کھنچوائیں۔
اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس نے ملک کے موجودہ حالات میں پی ایم مودی کی اس ویڈیوگرافی پر سوال کھڑے کر دیے ہیں۔ کانگریس نے ایک ویڈیو اپنے سوشل میڈیا ہینڈل ’ایکس‘ پر شیئر کی ہے جس میں ایک طرف پی ایم مودی شیر کے بچے کو دودھ پلاتے دکھائی دے رہے ہیں، اور دوسری طرف کسان لیڈر جگجیت سنگھ ڈلیوال بیمار حالت میں نظر آ رہے ہیں۔ بیک گراؤنڈ میں آواز آ رہی ہے کہ ڈلیوال تامرگ بھوک ہڑتال پر ہیں اور ان کی طبیعت بگڑتی جا رہی ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ڈلیوال کا بلڈ پریشر ہائی ہو گیا ہے۔ یہ ویڈیو کچھ دنوں پرانی ہے جب جگجیت ڈلیوال کی طبیعت تامرگ بھوک ہڑتال کے دوران بہت بگڑ گئی تھی۔ ڈلیوال کی قیادت میں مظاہرہ کر رہے کسانوں کا مطالبہ ابھی تک پورا نہیں ہو سکا ہے۔ کانگریس نے اس ویڈیو میں ڈلیوال کی ویڈیو کے اوپر ’ملک کا کسان‘ اور شیر کے بچے کے ساتھ مودی کی ویڈیو کے اوپر ’ملک کا پردھان‘ لکھا ہے۔ اس طرح یہ دکھانے کی کوشش ہو رہی ہے کہ ایک طرف ملک کا کسان پریشان ہے، اور دوسری طرف پی ایم مودی ویڈیوگرافی میں مصروف ہیں۔
بہرحال، وزیر اعظم مودی ونتارا دورے میں ایشیائی شیر کے بچوں، سفید شیر کے بچوں، کلاؤڈیڈ تیندوے کے بچوں (جو ایک نایاب اور ختم ہوتی نسل ہے)، کیراکل کے بچوں سمیت مختلف نسلوں کے ساتھ وقت گزارا اور انھیں کھانا بھی کھلایا۔ شیروں کے درمیان پہنچے وزیر اعظم نریندر مودی کی کئی تصویریں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو رہی ہیں۔ ایک تصویر میں پی ایم مودی کو شیر کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے، جس میں وہ ہاتھ ہلاتے نظر آ رہے ہیں اور باڑے کے اندر سے شیر کو دہاڑتے صاف دیکھا جا سکتا ہے۔ پی ایم مودی دریائی گھوڑے (گینڈے) کے درمیان بھی پہنچے۔ اس کے علاوہ ہاتھی کے ساتھ بھی پی ایم مودی نے خوب مستی کی۔
قابل ذکر ہے کہ ونتارا میں 2000 سے زیادہ نسلوں اور 1.5 لاکھ سے زیادہ بچائے گئے، نایاب اور بحران کے شکار جانور رہتے ہیں۔ وزیر اعظم نے اس اہم مرکز میں مختلف سہولیات کا جائزہ لیا۔ انھوں نے ونتارا میں وائلڈ لائف اسپتال کا بھی دورہ کیا اور طبی سہولیات کو دیکھا، جو کہ ایم آر آئی، سی ٹی اسکین، آئی سی یو اور دیگر مشینوں سے مزین ہے۔ یہاں وائلڈ لائف اینستھیسیا، کارڈیولوجی، نیفرولوجی، اینڈوسکوپی، ڈینٹل علاج وغیرہ سمیت کئی محکمے بھی موجود ہیں۔