
ممبئی: سبزیاں صحت کے لیے مفید سمجھی جاتی ہیں، کیونکہ ان میں وٹامنز، پروٹین اور منرلز کی وافر مقدار پائی جاتی ہے۔ ڈاکٹرز بھی صحت مند زندگی کے لیے ہری سبزیاں کھانے کا مشورہ دیتے ہیں، اور فٹنس کے شوقین افراد بھی اپنی خوراک میں تازہ سبزیوں کو شامل کرتے ہیں۔
تاہم، ایک حالیہ ویڈیو نے سبزیوں کی صفائی اور ان کے معیار پر سنگین سوالات کھڑے کر دئے ہیں، جسے دیکھ کر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک حیران کن ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں مہاراشٹر کے شہر الہاس نگر کے سبزی منڈی میں ایک سبزی فروش کو ہری سبزیاں دھوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے لیکن سب سے چونکا دینے والی بات یہ ہے کہ وہ ان سبزیوں کو صاف پانی کی بجائے گندے نالے کے پانی میں دھو رہا ہے۔
ویڈیو کے منظرعام پر آتے ہی لوگ سوال اٹھا رہے ہیں کہ اگر اس قسم کی غیر معیاری سبزیاں بازار میں فروخت ہو رہی ہیں، تو عوام اپنی صحت کا تحفظ کیسے کریں؟