
نئی دہلی: کانگریس نے ہریانہ کے روہتک میں پارٹی کارکن ہمانی نروال کے قتل پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے اس واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
کانگریس نے اپنے آفیشل ایکس پیج پر کہا، “ہریانہ کے روہتک میں کانگریس کارکن ہمانی نروال کے بہیمانہ قتل کی خبر انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ ہے۔ خداسے دعا ہے کہ وہ آنجہانی کی روح کو سکون اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت دے۔ ہم اس مشکل وقت میں پورے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘
پارٹی نے واقعہ کو شرمناک قرار دیتے ہوئے اس کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ‘ہیمانی کے ساتھ پیش آنے والے اس ظالمانہ اور شرمناک واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہیے اور مجرموں کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے۔’”
قابل ذکر ہے کہ ہمانی روہتک چھوڑ کر کئی سالوں سے دہلی میں اپنی ماں اور چھوٹے بھائی کے ساتھ رہ رہی تھی، لیکن پچھلے کچھ مہینوں سے وہ روہتک کے وجے نگر میں اپنے آبائی گھر میں اکیلی رہ رہی تھی۔
ہمانی کے بڑے بھائی کو تقریباً 12 سال قبل قتل کر دیا گیا تھا، جب کہ اس کے والد نے دس سال قبل خودکشی کر لی تھی۔ اس کے بعد اس کی ماں اس کے چھوٹے بھائی اور اسے لے کردہلی آگئی، لیکن وہ تقریباً چار پانچ ماہ سے روہتک میں اکیلی رہ رہی تھی۔ ہمانی کی لاش کا آج پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کو اسکین کرکے معاملے کی جانچ کررہی ہے۔