
رمضان میں پورے شعور کے ساتھ قرآن کے پیغام کو سمجھیں اور اس کی دعوت پر لبیک کہیں
رین بازار میں جماعت اسلامی کے جلسہ استقبالِ رمضان سے معاون امیرحلقہ جناب محمد اظہرالدین کا خطاب
جماعت اسلامی ہند، رین بازار ڈویژن(یاقوت پورہ) کی جانب سے ایس بی منشن، داراب جنگ کالونی، نزد مادنا پیٹ قدیم عیدگاہ پر جلسہ استقبالِ رمضان المبارک کا انعقاد رمضان کی فضیلت اور قرآن کی رہنمائی کے عنوان پر منعقد کیا گیا۔ محترم جناب محمد اظہرالدین،معاون امیرحلقہ جماعت اسلامی ہند، حلقہ تلنگانہ نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ رمضان کا مبارک مہینہ سایہ فگن ہونے کو ہے، یہ وہ مہینہ ہے جس میں قرآن مجیدنازل کیا گیا اور آپ ﷺکے ذریعہ سے عالم انسانیت کو ہدایت کی وہ ابدی کتاب ملی جس کا حرف حرف روشی اور صداقت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ قرآن پر ایمان اسی وقت مفید اور معنی خیز ہوسکتا ہے جب ہم قرآن کے پیغام کو سمجھیں اس کی دعوت پر لبیک کہیں اور قرآن کے بتائے ہوئے طریقے پر چلنے اور اس کی ہدایت کے ذریعے اپنے معاملات کو طے کرنے کی کوشش کریں۔ آج عالم اسلام جن مسائل اور مصائب سے دوچار ہے ان سے نکلنے، ترقی اور عزت کی راہ پر پیش قدمی کرنے کا راستہ صرف یہی ہے اور صادق برحق ﷺنے اسی کی تلقین کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہینہ دراصل قرآن کا مہینہ ہے اور اس کے شب و روز قرآن سے تعلق کی تجدید، اس کی تلاوت، تراویح میں اس کی سماعت اور اس کے پیغام کی تفہیم اور تلقین کے لیے خاص ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کا یہ حکم ہے کہ ایک طرف رمضان کے روزوں کو مکمل کریں لیکن اس کے ساتھ ساتھ جو ذمہ داری ہمیں ادا کرنی ہے اور پورے سال بلکہ پوری زندگی ادا کرنی ہے وہ اعلائے کلمتہ الحق ہے یعنی اللہ کی زمین پر اللہ کے کلمے کو بلند کرنے کی کوشش کریں اور اس طریقے سے کریں جیسے اللہ کے آخری نبی حضرت محمد ﷺنے سکھایا اور دکھایا ہے۔محترم جناب محمد عمادالدین،امیرمقامی جماعت اسلامی ہند، یاقوت پورہ نے قرآن کے انقلابی پیغام کے حوالے سے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن تمام انسانوں کو ابدی سعادت کی طرف بلاتا ہے اور انسان کے ظاہروباطن کی ایسی تعمیر کرتا ہے کہ اس کو اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل ہو، دنیا اور آخرت کی زندگیوں میں حقیقی چین اور راحت نصیب ہو۔ یہی راستہ رب کی بندگی کا راستہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مہینہ قرآن کا مہینہ ہے اور اس مہینے کا حق یہ ہے کہ ہم پورے شعور کے ساتھ یہ سمجھنے کی کوشش کریں کہ قرآن کیا ہے اس کی تعلیمات کی نوعیت کیا ہے اس سے ہمارا تعلق کن بنیادوں پر استوار ہونا چاہیے اور اس کے پیغام کے ہم کس طرح علَم بردار ہوسکتے ہیں تاکہ اللہ کے انعام کا شکر ادا کرسکیں۔دعا پرجلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔اس موقع پر مقامی اراکین شوری جماعت اسلامی ہند،یاقوت پورہ جناب محمد ذکی الدین،جناب محمد بشیر احمد،جناب محمدکلیم الدین و دیگر موجود تھے۔