مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب نے کہا کہ بیروت میں شہید سید حسن نصرالله اور شہید سید ہاشم صفیالدین کی تشییع میں لاکھوں افراد کی شرکت نے اسلامی مزاحمت اور حزبالله کی طاقت کو ظاہر کیا۔ اس تشییع نے جس میں مختلف اقوام، مذاہب اور سیاسی جماعتوں کے لوگ شریک ہوئے، لبنان اور اسلامی امت کے دشمنوں کی شیطانی سازشوں کے خلاف اسلامی طاقت اور وحدت کا مظاہرہ کیا۔ بیروت میں اسرائیلی طیاروں کی پروازوں کے باوجود یہ تشییع مزاحمت کے عالمی پیغام کا نشان بن گئی۔
بیان میں مزید کہا گیا اس عظیم الشان تشییع سے ظاہر ہوتا ہے کہ حزبالله ابھی طاقتور اور زندہ ہے اور اسلامی دنیا میں مزاحمت کا سلسلہ جاری ہے۔ امت اسلامی اور مزاحمتی محاذ بیت المقدس کی آزادی اور فلسطین کی سرزمین کو آزاد کرنے کے لیے مستحکم اور پرعزم ہیں۔ سید حسن نصراللہ سمیت دیگر شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
سپاہ پاسداران نے کہا ہے کہ صہیونی حکام کو معلوم ہونا چاہیے کہ سید حسن نصرالله، یحیی سنوار اور قاسم سلیمانی کے پیروکار ان کے مشن کو انجام تک پہنچائیں گے اور دنیا دیکھے گی کہ صہیونیوں کا ظلم کس طرح ختم ہوگا اور یہ خطہ ان کے پلید وجود سے پاک ہو جائے گا۔