
حیدرآباد ۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کرکٹ میچ کو لے کر ہمیشہ شائقین میں ایک عجب ہی جوش و خروش دیکھا جاتا ہے۔ شائقین کرکٹ کام کاج چھوڑ کر اور بعض چھٹی لے کر میچ کا دلچسپی سے مشاہدہ کرتے ہیں اور کئی لوگ اہم سے اہم مصروفیات چھوڑ کر اسکرین کے سامنے بیٹھ جاتے ہیں۔
ایسے میں عادل آباد میں ایک دولہے نے اپنی شادی کی تقریب کے دوران اپنے دوستوں اور مہمانوں کے کرکٹ شوق کو مدنظر رکھتے ہوئے فنکشن ہال میں ہی میچ دیکھنے کا بڑا اسکرین لگا کر خصوصی انتظام کر دیا۔ یہ عجیب وغریب واقعہ عادل آباد میں پیش آیا۔ ضلع کے بھیم پور منڈل کے نیپانی گاؤں سے تعلق رکھنے والے منی شرما اور سائی پریا کی شادی کل عادل آباد شہر کے ایک فنکشن ہال میں انجام پائی۔
عام طور پر شادی کی تقریب میں فنکشن ہال میں ایک بڑی اسکرین لگائی جاتی ہے جس پر شادی کی ویڈیوس یا روایتی مناظر دکھائے جاتے ہیں لیکن یہاں دولہا نے روایت سے ہٹ کر کچھ نیا کیا اور ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے کرکٹ میچ کو براہ راست نشر کرنے کا انتظام کیا۔
دولہا کے اس فیصلے نے شادی میں شریک دوستوں اور مہمانوں کو حیران کر دیا جنہوں نے شادی کی تقریب کے ساتھ ساتھ سنسنی خیز کرکٹ میچ کا بھی لطف اٹھایا۔ شادی کی تقریب میں شریک مہمانوں کا کہنا تھا کہ یہ ایک یادگار لمحہ تھا جہاں ایک طرف خوشیوں کی محفل سجی تھی اور دوسری طرف کرکٹ کے میدان میں سنسنی خیز مقابلہ جاری تھا۔
دولہے کے دوستوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ہمیں دو بڑی خوشیوں کا ایک ساتھ لطف اٹھانے کا موقع ملا ایک طرف اپنے دوست کی شادی کی خوشی اور دوسری طرف ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے کرکٹ میچ کا جوش۔”