
حیدرآبا: تلنگانہ حکومت نے آنگن واڑی مراکز میں بڑی تعداد میں ملازمتوں کو پُر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آنگن واڑی ٹیچرس کی 6,399 ملازمتیں، 7,837 ہیلپرز کی ملازمتوں کو ملا کر مجموعی طور پر 14,236 ملازمتووں پر بھرتی کے لئے متعلقہ فائل پر وزیر برائے خواتین و اطفال بہبود سیتااکّا نے دستخط کردیئے۔
ایم ایل سی انتخابات کے ضابطہ اخلاق کے ختم ہونے کے بعد اضلاع میں کلکٹرس کی نگرانی میں ان ملازمتوں کو پُرکرنے کے لئے اعلامیہ جاری کیے جائیں گے۔
تلنگانہ کے قیام کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب اتنی بڑی تعداد میں آنگن واڑی ملازمتوں کی بھرتی ہونے جا رہی ہے۔ حکومت آنگن واڑی مراکز میں بچوں، حاملہ خواتین، اور زچہ کو معیاری غذا اور بچوں کو پری پرائمری تعلیم فراہم کرنے کے مقصد سے ٹیچرس اور ہیلپرس کی ملازمتوں کو پُر کرے گی۔
ریاست میں جملہ 35,700 آنگن واڑی مراکز ہیں، جہاں ہر مرکز میں ایک ٹیچر اور ایک ہیلپر ہونا لازمی ہے۔ ماضی میں بھرتی کیے گئے کئی افراد نے استعفیٰ دے دیا، جبکہ چند کو سوپروائزرکے طور پر ترقی دی گئی، جس کی وجہ سے عملے کی کمی پیدا ہوگئی۔
اس کے علاوہ، 65 سال کی عمر مکمل کرنے والے کئی ملازمین ریٹائرڈ ہو گئے۔ فی الحال، 65 سال کی عمر سے تجاوز کرچکے 3,914 ٹیچرس خدمات انجام دے رہے ہیں، جو جلد ہی ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔ حکومت نے ان ملازمتوں کو بھی نئے اعلامیہ میں شامل کرنے کی اجازت دی ہے۔
پہلے آنگن واڑی ٹیچر کی ملازمت کے لیے کم از کم دسویں جماعت کامیاب ہونا ضروری تھا، لیکن مرکزی حکومت کی نئی ہدایات کے مطابق اب ٹیچرس اور ہیلپرس کے لیے کم از کم انٹرمیڈیٹ کامیاب ہونا لازمی ہوگا۔ آنگن واڑی ملازمتوں کے لئے عمر کی حد 18 سے 35 سال مقرر کی گئی ہے۔
مرکزی حکومت کی رہنمایانہ خطوط کے مطابق، آنگن واڑی ٹیچر کی بھرتی میں 50 فیصد ملامتیں ہلپرس کے لیے مخصوص ہونی چاہئیں تاہم، موجودہ ہلپرس میں سے بہت سے افراد تعلیمی قابلیت نہ رکھنے کی وجہ سے ترقی حاصل کرنے کے اہل نہیں ہیں۔ محکمہ خواتین و اطفال بہبود کے مطابق، صرف 567 ہلپرس انٹرمیڈیٹ کامیاب ہیں، جو ترقی حاصل کرنے کے اہل ہو سکتے ہیں۔