
حیدرآباد: چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی نے کہاکہ ہم نے 100 سال میں نہ ہونے والا کام مکمل کیا، اور وہ بھی پوری شفافیت کے ساتھ۔ بی سی برادری کی مردم شماری 100 فیصد درست طریقے سے کی گئی ہے۔ میں نے صرف اور صرف راہول گاندھی کی ہدایات پر عمل کیا ہے۔
جو لوگ اس مردم شماری کو غلط اعداد و شمار کہہ رہے ہیں، درحقیقت وہی سیاسی طاقتیں ہیں جو بی سی طبقہ کے حقوق کے خلاف ہیں۔ یہ لوگ من گھڑت الزامات لگا کر بی سی طبقہ کے ساتھ تاریخی دھوکہ دینے کی سازش کر رہے ہیں۔
یہ مردم شماری بی سی طبقہ کیلئے عوامی حکومت کا دیا ہوا ایک انمول تحفہ ہے۔ اب یہ بی سی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس تحفے کو محفوظ رکھے۔ اگر بی سی برادری کسی سیاسی بہکاوے میں آ گئی، تو ہمیشہ کے لیے نقصان اٹھائے گی۔
اگر بی سی برادری خود اس مردم شماری کو تسلیم نہیں کرے گی، تو یہ محض کاغذی کارروائی بن کر رہ جائے گی۔ اگر بی سی برادری ان سازشوں کو بے نقاب نہیں کرے گی، تو مستقبل میں انہیں مزید نقصان اٹھانا پڑے گا۔
مخالفت کرنے والے دراصل بی سی برادری کے دشمن ہیں اگر میرے اچھے کام کو ہی تنقید کا نشانہ بنایا جائے گا، تو نقصان صرف بی سی برادری کا ہوگا۔ جو لوگ اس مردم شماری کے مخالف ہیں، ان کے خلاف کوئی آواز نہیں اٹھا رہا، مگر جو ہم نے حقائق پیش کیے ہیں، انہی پر انگلی اٹھائی جا رہی ہے۔ یہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے بی سی برادری خود اپنے پیروں پر کلہاڑی مار رہی ہو۔
میں بی سی برادری کے ساتھیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ میں نے اپنی حد تک جتنا ممکن ہو سکا، ایک جرات مندانہ قدم اٹھایا ہے۔ اب یہ آپ سب کی ذمہ داری ہے کہ اسے اپنی طاقت سمجھ کر اپنائیں اور اس کا فائدہ اٹھائیں۔