مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، حزب اللہ کی ایگزیکٹو کونسل کے نائب سربراہ علی دعموش نے شہید سید حسن نصر اللہ اور شہید سید ہاشم صفی الدین کی نماز جنازہ کے حوالے سے پریس کانفرنس کے دوران ان دونوں شہیدوں کے اہل خانہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان بزرگوں کی شہادت ہمارے لئے کوئی صدمہ نہیں تھی۔ کیونکہ ہمارا تعلق ایک ایسے مکتب سے ہے جس کے ائمہ، قائدین اور علماء سب راہ حق میں شہید کر دئے گئے ہیں۔
دعموش نے مزید کہا کہ ہم اس صورت حال کے عادی ہیں، ہم نے شیخ راغب حرب اور سید عباس الموسوی کی شہادت پر بھی اسی طرح صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، کیونکہ ہم دشمن کے حملوں کے خلاف میدان جنگ میں کھڑے ہیں۔
یہ فطری بات ہے کہ ہم اس راہ میں قربانیاں دیں، ہم ناکام اور مایوس نہیں ہوتے بلکہ ہم شہداء کی آرزووں کی تکمیل کے لیے مزید پختہ عزم کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان دونوں عزیز سیدوں کی شہادت ایثار و فداکاری کی عظیم علامت ہے۔ ہمارا پرچم کبھی زمین پر نہیں گرے گا۔ جس طرح ہم مزاحمت کے تمام مراحل میں صیہونی دشمن کے مقابلے میں ثابت قدم رہے، اس مرحلے میں بھی ہم بھرپور طاقت اور استقامت کا مظاہرہ کریں گے۔
دعموش نے کہا کہ الوداعی تقریب میں 65 سے زائد ممالک سے تقریباً آٹھ لاکھ سے زائد بین الاقوامی شخصیات موجود ہیں۔ تاہم عراق سرکاری اور عوامی وفود کے لحاظ سے شرکت کرنے والے ممالک میں سرفہرست ہے۔