اتراکھنڈ میں ریاست کے باہر کے لوگوں کے لیے زمین خریدنا اب مشکل ہو گیا ہے۔ دراصل ریاست کی دھامی حکومت نے ہری دوار اور اودھم سنگھ نگر کو چھوڑ کر ریاست کے 11 ضلعوں میں زمین خریدنے پر روک لگا دی ہے۔ دھامی کابینہ نے بدھ کو ہوئی میٹنگ میں اراضی قانون کے نئے ترمیمی ڈرافٹ کو منظوری دے دی۔ اسے اب قانون ساز اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
کابینہ کے فیصلے کے بعد وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے دعویٰ کیا کہ ریاست کے لوگوں کے ذریعہ طویل عرصے سے کیے سے جا رہے مطالبے اور ان کے جذبات کا پوری طرح احترام کرتے ہوئے اس سخت اراضی قانون کو منظوری دی گئی ہے۔ یہ تاریخی قدم ریاست کے وسائل، ثقافتی ورثہ اور شہریوں کے حقوق کی حفاظٹ کرے گا۔ ساتھ ہی ریاست کی اصل شناخت بنائے رکھنے میں بھی ایک اہم کردار ادا کرے گا۔