
نظام آباد: ایک ہی خاندان کے تین افراد برقی شاک سے ہلاک
نظام آباد۔ریاست تلنگانہ کےضلع نظام آباد کے رنجل منڈل میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک ہی خاندان کے تین افراد برقی شاک سے ہلاک ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ساٹاپور گاؤں سے تعلق رکھنے والے گنگا رام اس کی اہلیہ بالا منی اور بیٹا کشن جنگلی جانوروں کو پکڑنے کے لیے جنگلاتی علاقے میں گئے ہوئے تھے۔ اسی دوران کھیتوں کے قریب نصب برقی تار سے چھو جانے کے سبب تینوں موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بودھن ہاسپٹل منتقل کیا گیا اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ پیگڑا پلی کے مضافات میں کھیتوں کے قریب یہ برقی تار لگائے گئے تھے۔ تاہم پولیس مزید تفصیلات اکٹھی کر رہی ہے اور حادثے کے اصل اسباب کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔