
مسقط/نئی دہلی: آٹھویں بحر ہند کانفرنس میں شرکت کے لئے اتوار کو عمان کے دورہ پر گئے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اپنے عمانی ہم منصب سید بدر البوسیدی کے ساتھ بات چیت کی۔ جس کے دوران انہوں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام منظر نامے کا جائزہ لیا۔
عمانی وزیر خارجہ کے ساتھ بات چیت کے دوران، وزیر خارجہ نے بحر ہند کانفرنس کی میزبانی کے لئے اور ہند-عمان تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کی ثابت قدم حمایت کے لیے سلطنت عمان کی قیادت کی ستائش کی۔
ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بات چیت میں باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے طریقوں پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔
وزیر خارجہ نے سید بدر البوسیدی کے ساتھ ہندوستان اور عمان کے درمیان سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر خصوصی طور پر ڈیزائن کردہ ‘لوگو’ کی نقاب کشائی کی۔ ج دونوں ممالک 2025 میں اسے منانے کی تیاری کر رہے ہیں، لوگو تاریخ، ثقافت اور لوگوں کے درمیان مضبوط تعلقات پر مبنی طویل مدتی شراکت کی علامت ہے۔