مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، امریکی نیوز ایجنسی آکسیوس نے کہا ہے کہ امریکہ نے روس کے ساتھ امن مذاکرات کے لیے اہم شرائط تسلیم کر لی ہیں جو یوکرین جنگ کے خاتمے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ تاہم، یہ واضح نہیں کہ یوکرین کے لیے یہ شرائط کس حد تک قابل قبول ہوں گی۔
باخبر ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ امریکی اور روسی حکام کے درمیان منگل کے روز سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ملاقات ہوگی تاکہ یوکرین کے ممکنہ امن معاہدے پر بات چیت کی جاسکے۔
امریکی وفد میں وزیرخارجہ مارکو روبیو، قومی سلامتی کے مشیر والٹز اور مشرق وسطی کے لئے خصوصی ایلچی ویٹکف شامل ہوں گے۔
مذاکرات میں یوکرین کے وفد کی شمولیت کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ امریکی نمائندہ برائے یوکرین کیٹ کلوگ نے گذشتہ دنوں کہا تھا کہ امریکہ اور روس کے درمیان ہونے والے امن مذاکرات میں یوکرین کو شامل نہیں کیا جائے گا۔