
دہلی این سی آر میں پیر کی صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ نیشنل سینٹر فار سیسمالوجی (NCS) کے مطابق زلزلے کی شدت 4.0 تھی اور یہ نئی دہلی میں زمین کے پانچ کلومیٹر گہرائی میں آیا۔
زلزلہ صبح 5:36 بجے ریکارڈ کیا گیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کئی لوگوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا، جن میں بی جے پی اور کانگریس کے رہنما بھی شامل تھے۔ انہوں نے زلزلے کے جھٹکوں کو “شدید” قرار دیا۔
دہلی پولیس نے بھی ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے شہریوں کے لیے ایمرجنسی نمبر شیئر کیا اور لکھا: “ہم امید کرتے ہیں کہ آپ سب محفوظ ہیں، دہلی! کسی بھی ہنگامی مدد کے لیے 112ڈائیل کریں۔
زلزلے کا مرکز دھولا کنواں میں درگابائی دیشمکھ کالج آف اسپیشل ایجوکیشن کے قریب تھا۔
اسی دوران پیر کی صبح 8:02 بجے بہار میں 4.0 شدت کا زلزلہ آیا۔ نیشنل سینٹر فار سیسمالوجی کے مطابق، زلزلے کے جھٹکے ریاست کے ضلع سیوان میں محسوس کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق، زلزلے کا مرکز زمین کے 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔