مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے میونخ سکیورٹی کانفرنس کے دوران کیف کے لئے امریکی حمایت کے بارے میں شکوک و شبہات کے پیش نظر یورپ سے خود مختار مسلح افواج کی تشکیل کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے یورپ کے خلاف روس کے ممکنہ حملے کا دعوی کرتے ہوئے امریکی گرفت سے آزاد یورپی عسکری اتحاد کی تشکیل پر زور دیا۔
زیلنسکی نے اپنی تقریر میں کہا کہ آئیے کھل کر بات کریں۔ ہم اس امکان کو رد نہیں کر سکتے کہ امریکہ یورپ کے ساتھ ایسے مسائل پر تعاون کرنے سے انکار کر دے جن سے یورپ کو خطرہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہت سے رہنماوں نے یورپ میں ایک آزاد فوج کی تشکیل کی ضرورت پر بات کی ہے۔ مجھے سچ میں یقین ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ یورپ اپنی مسلح افواج یا عسکری اتحاد تشکیل دے۔