راہل گاندھی سے وزیراعلی تلنگانہ کی ملاقات، کابینہ کی توسیع پرتبادلہ خیال، مسلم نمائندگی کی توقع

حیدرآباد: تلنگانہ میں  کابینہ میں توسیع کی اطلاعات کے درمیان   وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی  نے آج اے آئی سی سی کے سینئر لیڈرو لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی  سے ملاقات کی۔

یہ ملاقات تقریباً 45 منٹ تک 10 جن پتھ میں سونیا گاندھی کی رہائش گاہ پر ہوئی، جس میں ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال اور مختلف امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔یہ ملاقات ایک ایسے وقت کی گئی جب تلنگانہ میں حال ہی میں حکومت کی جانب سے ذاتوں کا سروے کیاگیا۔

راہل گاندھی نے اسمبلی انتخابات سے پہلے ریاست میں ذاتوں کے سروے کاوعدہ کیاتھا۔ذاتوں کے سروے  اور ایس سی طبقات کی زمرہ بندی  سے متعلق قراردادوں کو اسمبلی میں منظوری ملنے کے بعد کانگریس پارٹی ان موضوعات پر جلد ہی بڑے پیمانہ پر دو جلسے منعقد کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے   جن میں شرکت کے لئے راہول گاندھی کو مدعو کیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق، ریونت ریڈی نے راہل گاندھی کو ذاتوں کی مردم شماری کی بنیاد پر ریاست میں بی سی طبقہ کے لئے 42 فیصد ریزرویشن دینے کی تجویز سے واقف کروایا۔ ذرائع کے مطابق، وزیر اعلیٰ نے راہل گاندھی کے ساتھ ایم ایل اے کوٹے کے تحت ایم ایل سی امیدواروں کے انتخاب، کابینہ میں توسیع، پی سی سی کی تنظیم نو، نامزد عہدوں پر تقررات اور مقامی اداروں کے انتخابات جیسے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

گذشتہ روز ہی کانگریس قیادت نے میناکشی نٹراجن کو تلنگانہ کانگریس کی انچارج کے طور پر مقرر کیاتھا اور اس کے اگلے دن راہل گاندھی اور ریونت ریڈی کی ملاقات کو اہمیت حاصل ہوگئی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ہر بار جب وزیر اعلیٰ دہلی کا دورہ کرتے ہیں، کابینہ میں توسیع کا معاملہ زیر بحث آتا ہے، مگر اس پر کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ اب جب کہ ریونت ریڈی نے راہل گاندھی سے ملاقات کی ہے، یہ قیاس آرائیاں کی جا رہا ہیں کہ فی الحال کابینہ کی توسیع کا امکان کم ہے۔ توقع ہے کہ ایم ایل سی انتخابات مکمل ہونے کے بعد تمام سیاسی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے کابینہ میں توسیع کی جائے گی۔ 

موجودہ کابینہ میں مسلم اقلیت سے کوئی بھی وزیر شامل نہیں ہے، جبکہ کانگریس کے پاس فی الحال کوئی مسلم ایم ایل اے بھی نہیں ہے۔

ایسی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ ایم ایل سی کی ایک نشست کسی مسلم امیدوار کو دی جا سکتی ہے اور انہیں کابینہ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ اس ملاقات سے قبل یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ راہل گاندھی اور ریونت ریڈی کے درمیان دوریاں پیدا ہو چکی ہیں، لیکن آج کی اس ملاقات نے ان تمام قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا ہے۔

ریونت ریڈی اکثر دہلی کے دورے کرتے ہیں، جہاں وہ مرکزی وزراء اور اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال سے ملاقات کرتے رہے ہیں، لیکن راہل گاندھی سے براہ راست ملاقات نہیں ہو رہی تھی، جس کی بنیاد پر ان کے مخالفین یہ الزام لگا رہے تھے کہ راہل گاندھی نے ریونت ریڈی سے دوری اختیار کر لی ہے۔

تاہم، حال ہی میں ریونت ریڈی نے واضح کیا تھا کہ ان کے اور راہل گاندھی کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *