ایران اور روس کے سفارت کاروں کے درمیان شام کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ کے خصوصی نمائندے برائے شامی امور محمد رضا رؤوف شیبانی نے ماسکو میں روس کے اعلی سفارت کاروں سے ملاقات کی اور شام کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

شیبانی نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے شام کے لیے خصوصی ایلچی الیگزینڈر لاورنتیف اور نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف سے ماسکو میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران فریقین نے مغربی ایشیا، بالخصوص شام کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور مشاورت کی۔

ایرانی اور روسی سفارتکاروں نے شام کی وحدت، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کیا اور اس اصول کے مطابق شام میں استحکام کے قیام کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ شام کے اندرونی مسائل کا حل شامی جماعتوں کے درمیان جامع مذاکرات اور تمام سیاسی، نسلی اور مذہبی گروہوں کی شرکت کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *