امریکہ اور صیہونی رژیم کا فرعون کی طرح عبرت ناک انجام ہوگا، امام جمعہ تہران

مہر نیوز کے مطابق، تہران کے امام جمعہ آیت اللہ احمد خاتمی نے کہا کہ عوام نے اسلامی انقلاب کی سالگرہ پر شاندار موجودگی کے ذریعے دشمن کو مایوس کر دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ پچھلے پینتالیس سالوں سے ایران کے خلاف دباو کی پالیسی اپناتا رہا ہے لیکن اسے شکست اور رسوائی کے علاوہ کچھ نہیں ملا۔

 تہران کے امام جمعہ نے کہا کہ امریکی دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد ہیں جنہوں نے غزہ کے عوام پر مسلسل 15 ماہ تک وسیع تباہی پھیلانے والے بم گرائے۔ یہ دہشت گردی نہیں تو کیا ہے؟ حزب اللہ دہشت گردی مخالف ہے اور وہ تم جیسے دہشت گردوں کے خلاف لڑتی ہے، حماس اور یمنی حوثی اس دہشت گردی کے خلاف لڑ رہے ہیں جسے تم نے پالا اور آج تک سرپرستی کر رہے ہو۔ 

امریکہ اور صیہونیوں کا حشر فرعون جیسا ہوگا۔

 آیت اللہ خاتمی نے زور دے کر کہا کہ امریکہ اور غاصب رژیم کا انجام فرعون کی طرح ہوگا اور وہ مزاحمت کے دریا میں غرق ہوجائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی نہایت ڈھٹائی سے انسانی حقوق کی بات کرتے ہیں جب کہ کیمروں کے سامنے لوگوں کو قتل کر رہے ہیں!

  امام جمعہ تہران نے کہا کہ غزہ کے باشندوں کی جبری بے دخلی ایک استعماری منصوبہ ہے، تم پندرہ ماہ تک کچھ نہیں بگاڑ سکے، مزاحمت پھر سے تمہیں ناکوں چنے چبوائے گی اور صیہونی رژیم کو پھر سے ذلت آمیز شکست کا منہ دیکھنا پڑے گا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *