
نرمل، 13 فروری (ایم۔اے۔وحید):نرمل ضلع کے اولہ گاؤں سے تعلق رکھنے والی سعدیہ ناز، جو مسجد کے امام حافظ عبد الماجد کی صاحبزادی ہیں،
نے نیشنل مینس کم میرٹ اسکالرشپ (NMMS) کے لئے منتخب ہوکر نہ صرف اپنے والدین بلکہ پورے اردو میڈیم اسکول کا نام روشن کیا ہے۔ ضلع پریشد سیکنڈری اسکول (ZPSS)، اردو میڈیم، اولہ کی آٹھویں جماعت کی طالبہ سعدیہ ناز نرمل ضلع کی واحد اردو میڈیم طالبہ ہیں
جنہوں نے اس باوقار اسکالرشپ کے لئے کوالیفائی کیا۔ اس اسکالرشپ کے تحت انہیں چار سال تک ہر سال 12,000کی مالی امداد فراہم کی جائے گی، جو ان کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ سعدیہ ناز کی اس شاندار کامیابی پر سابقہ سرپنچ کنیز فاطمہ نے شال پوشی کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی۔
اس موقع پر اسکول کے ہیڈ ماسٹر راہل کمار، اساتذہ محمد احتشام الدین،ابراہیم اللہ خان اور دیگر موجود تھے، جنہوں نے سعدیہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور ان کے روشن مستقبل کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ سعدیہ ناز کی یہ کامیابی ان کی سخت محنت، عزم اور تعلیم سے گہری وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ان کی یہ کامیابی دیگر طلبہ کے لیے بھی ایک مشعل راہ ہے، جو تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے کا عزم رکھتے ہیں۔ سعدیہ کی جدوجہد یہ ثابت کرتی ہے کہ اگر لگن، محنت اور حوصلہ ہو تو کسی بھی رکاوٹ کو عبور کیا جا سکتا ہے۔