تلنگانہ میں آج اتوار سے سروے میں حصہ لینے ایک اور موقع

تلنگانہ حکومت نے ان خاندانوں کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے جو حالیہ دنوں ریاست بھر میں منعقدہ ذاتوں کے سروے کی ہاوزنگ لسٹ میں شامل تھے لیکن مختلف وجوہات جیسے مکان مقفل یا عدم دلچسپی کی وجہ سے سروے میں شامل نہیں ہوئے تھے۔

 

اب یہ سروے 16 فروری سے 28 فروری تک دوبارہ کیا جائے گا جس کے ذریعہ ریاست میں 3,56,323 خاندانوں کی مردم شماری کی جائے گی جنہوں نے حالیہ سروے میں اپنے ناموں کا اندراج نہیں کروایا تھا۔ محکمہ پلاننگ کے پرنسپال سکریٹری کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ سروے سے دور رہنے والے 3,56,000 سے زائد خاندان کو مردم شماری میں حصہ لینے کے لئے 3 طریقوں سے سروے کے عملہ سے رجوع ہوسکتے ہیں

 

جن میں پہلا طریقہ ٹال فری نمبر پر کال کرتے ہوئے اپنے خاندان کا سروے کرواسکتے ہیں۔ اس کے لئے ریاست کے کسی بھی مقام سے صبح 9 بجے سے شام 5 بجے کے درمیان 040-21111111 پر کال کیا جاسکتا ہے اور اپنی مردم شماری مکمل کروانے کی درخواست دیں۔ کال کی تصدیق کے بعد ایک نامزد عہدیدار اس بات کو یقینی بنائے گا کہ مردم شماری کرنے والا عملہ متعلقہ گھر کا دورہ کرے اور سروے مکمل کرے۔

 

دوسرا طریقہ پرجاپالانا سیوا کیندر پر جاکر سروے کروانا ہے۔ اس کے تحت قریب میں واقع پرجاپالانا سیواکیندر سے رجوع ہوتے ہوئے مردم شماری کا عمل مکمل کیا جاسکتا ہے۔ یہ کیندر دیہی علاقوں میں یم پی ڈی او کے دفاتر اور شہری علاقوں میں وارڈ دفاتر میں واقع ہیں۔ تربیت یافتہ عملہ وہاں موجود ہوگا جو عوام کو سروے فارم پر کرنے میں مدد کرے گا۔

 

تیسرا طریقہ آن لائن فارم ڈاون لوڈ کرتے ہوئے بھی انجام دیا جاسکتا ہے۔ اس کے لئے سروے فارم https://seeepcsurvey.cgg.gov.in سے ڈاون لوڈ کیا جاسکتا ہے۔ فارم کو پر کرنے اور دستخط کرنے کے بعد اسے قریب میں واقع پرجاپالنا سیوا کیندر میں داخل کروایا جاسکتا ہے

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *