![جامعہ ملیہ اسلامیہ میں احتجاج کرنے پر 10 طلبا زیرحراست](https://urdu.munsifdaily.com/wp-content/uploads/2025/02/Jamia.jpg)
نئی دہلی: 2 پی ایچ ڈی اسکالرس کے خلاف یونیورسٹی کی تادیبی کارروائی پر احتجاج کرنے والے جامعہ ملیہ اسلامیہ(جے ایم آئی) کے زائداز 10 طلبا کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔
مذکورہ پی ایچ ڈی اسکالرس کو گزشتہ سال احتجاجی مظاہرہ منظم کرنے پر وجہ نمائی نوٹسیں جاری کی گئی تھیں۔ یہ احتجاج پیر کے روز شروع ہوا۔ طلبا نے ان کی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کرنے پر انتظامیہ کی مذمت کی۔
یونیورسٹی نے دعویٰ کیا کہ احتجاجی طلبا نے جامعہ کی جائیداد کو بشمول مرکزی کینٹین میں توڑپھوڑ کی اور سیکوریٹی اڈوائزر کے دفتر کی گیٹ توڑدی جس کے نتیجہ میں انتظامیہ کو کارروائی کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔
پولیس ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے طلبا کو احتجاج کے مقام سے ہٹانے اور نظم وضبط کی برقراری کے لئے پولیس سے مداخلت کرنے کی درخواست کی۔
ایک پولیس ذریعہ نے بتایا کہ یونیورسٹی انتظامیہ سے درخواست موصول ہونے کے بعد ہم نے صبح تقریباً 4 بجے زائداز 10 طلبا کو ہٹایا ہے اور کیمپس کے باہر بھاری پولیس بندوبست کیا ہے تاکہ نظم وضبط برقرار رکھا جاسکے۔ ایک اور پولیس عہدیدار نے یونیورسٹی کا بیان شیئر کرتے ہوئے کہا کہ زائداز 10 طلبا کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔