ایران ترکمانستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کے لئے پرعزم ہے، صدر پزشکیان

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد مریدوف سے ملاقات کے دوران کہا کہ تہران اپنے ہمسایہ اور دوست ملک ترکمانستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات بڑھانے کے لئے پرعزم ہے۔ 

 پزشکیان نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی اصولی پالیسی پڑوسیوں کے ساتھ اچھی ہمسائیگی پر مبنی ہے اور ترکمانستان کے ساتھ تعلقات کا فروغ تہران کی اہم ترجیح رہی ہے۔

ایرانی صدر نے دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے مشترکہ منصوبوں پر عمل درآمد کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس ملاقات میں ترکمانستان کے وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ اقتصادی تعاون کمیشن کے تشکیل کی طرف اشارہ کیا اور امید ظاہر کی کہ اس کمیشن کے انعقاد سے باہمی تجارت اور اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔ 

میریدوف نے کہا کہ ترکمانستان اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

 انہوں نے ایرانی صدر کو ترکمانستان میں منعقد ہونے والی ‘بین الاقوامی امن اور اعتماد کانفرنس’ میں شرکت کی دعوت دی۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *