کمبھ اسنان کرکے واپس لوٹ رہے عقیدت مندوں کی بولیرو پک اَپ گاڑی نے ٹرک کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ گاڑی کی رفتار تیز ہونے سے ڈرائیور نے توازن کھو دیا تھا۔
![<div class="paragraphs"><p>سڑک حادثہ / یو این آئی</p></div>](https://media.assettype.com/qaumiawaz%2F2024-03%2F5d2e3133-f3b6-4948-a6f8-a9661539db53%2Faccident_uni.jpg?rect=0%2C0%2C595%2C335&auto=format%2Ccompress&fmt=webp)
![<div class="paragraphs"><p>سڑک حادثہ / یو این آئی</p></div>](https://media.assettype.com/qaumiawaz%2F2024-03%2F5d2e3133-f3b6-4948-a6f8-a9661539db53%2Faccident_uni.jpg?rect=0%2C0%2C595%2C335&auto=format%2Ccompress&fmt=webp&w=1200)
سڑک حادثہ / یو این آئی
سہسرام کے شیو ساگر تھانہ علاقہ کے گرام گھورگھٹ کے پاس قومی شاہراہ پر بدھ کو ایک سڑک حادثہ ہوا۔ یہاں سڑک کے کنارے کھڑے ایک ٹرک میں کمبھ اسنان کرکے واپس لوٹ رہے عقیدت مندوں کی بولیرو پک اَپ گاڑی نے پیچھے سے ٹکر مار دی جس میں 2 خاتون عقیدت مندوں کی موت ہو گئی جبکہ 8 دیگر افراد شدید طور پر زخمی ہو گئے۔
شیو ساگر تھانہ انچارج کے مطابق بولیرو میں کُل 10 لوگ سوار تھےجس میں ڈرائیور بھی شامل تھا۔ گاڑی کی رفتار تیز ہونے کی وجہ سے ڈرائیور نے اس پر سے اپنا توازن کھو دیا اور سڑک کنارے کھڑے ٹرک میں پیچھے سے زوردار ٹکر مار دی۔ حادثے میں دونوں خاتون کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے مہلوکین کی لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا اور معاملے کی جانچ شروع کر دی۔
مہلوکین کی شناخت مغربی بنگال کے نارتھ پرگنہ ضلع کی 45 سال کی لکشمی چکرورتی اور 42 سال کی جیتو داس کے طور پر ہوئی ہے۔ زخمی ہوئے افراد بھی نارتھ پرگنہ کے رہنے والے ہی بتائے جاتے ہیں۔ زخمیوں میں ترشا داس، اندو داس کے علاوہ پلو بنرجی، روشن گھوش، اجول داس اور گاڑی کے دو ڈرائیور عمر فاروق اور انصار علی شامل ہیں۔ اس حادثہ کے بعد دہلی-کولکاتا نیشنل ہائی وے پر چیخ و پکار مچ گئی اور موقع پر افرا تفری کا ماحول بنا گیا۔