ممبئی میں گلین بار سنڈروم سے پہلی موت

ممبئی ۔ ملک میں گلین بار سنڈروم (جی بی ایس) کا پھیلاؤ مسلسل بڑھ رہا ہے اور اب یہ ایک خطرناک شکل اختیار کر چکا ہے۔ حالیہ اطلاعات کے مطابق تجارتی دارالحکومت ممبئی میں اس سے متاثر ایک مریض کی موت ہو گئی ہے۔ اس سے قبل مہاراشٹرا کے پونے شہر میں جی بی ایس کی وجہ سے سات افراد کی جانیں جا چکی ہیں۔ اب تک ملک کی کم از کم دو ریاستوں میں اس مرض کے مریضوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔

 

میڈیا رپورٹس کے مطابق نائر ہاسپٹل میں شریک 53 سالہ مریض نے جی بی ایس کی وجہ سے دم توڑ دیا۔ وہ کچھ دنوں سے وینٹی لیٹر پر تھا۔ جمعہ کو شہر میں جی بی ایس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جب 64 سالہ خاتون کو بخار اور پیٹ کی خرابی کے بعد لقوہ کی شکایت پر اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ بی ایم سی حکام کے مطابق یہ خاتون ممبئی کے اندھیری مشرقی علاقے کی رہائشی ہیں۔

 

اس سے قبل پونے میں جی بی ایس سے متاثر 37 سالہ گاڑی ڈرائیور کی موت شہر کے ہاسپٹل میں علاج کے دوران ہو گئی تھی جس سے پونے میں اس بیماری سے جڑی اموات کی تعداد بڑھ کر سات ہو گئی تھی۔ ان میں مشتبہ اور تصدیق شدہ دونوں طرح کے کیسز شامل ہیں اب ممبئی میں ایک اور موت کے بعد اموات کی مجموعی تعداد آٹھ ہو چکی ہے۔

 

جی بی ایس ایک نایاب اور سنگین بیماری ہے جس میں جسم کے مختلف حصے اچانک سن ہو جاتے ہیں پٹھوں میں کمزوری آتی ہے اور مریض کو کھانا نگلنے یا سانس لینے میں دشواری ہوتی ہے۔ اس کے سنگین کیسز میں مریض مکمل طور پر لقوہ زدہ بھی ہو سکتا ہے۔ یہ بیماری زیادہ تر نوجوانوں اور مردوں میں پائی جاتی ہے تاہم یہ کسی بھی عمر کے افراد کو متاثر کر سکتی ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *