بہار میں ہند-نیپال کی سرحد بندی سے متعلق گڑبڑیوں کو دور کرنے کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ اس کے لیے سروے کرکے ہند-نیپال سرحد سے جگہ جگہ غائب ہوئے بارڈر پیلر پھر سے لگائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ سرحد کے آس پاس ‘نو مینس لینڈ’ میں تجاوزات پر بھی موثر کارروائی کیے جانے کا منصوبہ ہے۔ واضح ہو کہ ہند-نیپال سرحد کی لمبائی تقریباً 633 کلومیٹر ہے۔
دراصل گزشتہ دنوں ہند-نیپال سرحد کے تحفظ کو لے کر لکھنؤ میں اعلیٰ افسروں کی ایک اہم میٹنگ ہوئی۔ اس میں نیپال سرحد پر بن رہی سڑک اور سرحد تحفظ کو لے کر کئی نکات پر بات چیت ہوئی۔ اس میٹنگ میں بہار کے چیف سکریٹری امرت لال مینا، ڈی جی پی ونئے کمار کے ساتھ ہی ایس ایس بی کے پٹنہ فرنٹیئر کے انسپکٹر جنرل نیئر حسنین خان نے بھی شرکت کی تھی۔