راجیہ سبھا رکن جیہ بچن نے کہا کہ ’’صدر جمہوریہ نے اپنے خطاب میں خواتین کو بااختیار بنانے کی بات کی۔ یہ بہت اچھی بات ہے لیکن ہر خاتون کے ساتھ ایک جیسا سلوک کیوں نہیں ہوتا؟‘‘
5 فروری کو دہلی اسمبلی انتخاب کے ساتھ ساتھ اترپردیش کے ملکی پور اسمبلی حلقہ میں بھی ضمنی انتخاب ہوا۔ ووٹنگ کے دوران کئی پولنگ بوتھ پر خواتین ووٹرز کے برقعے ہٹا ہٹا کر دیکھے گئے۔ یہ معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد سیاسی گلیاروں میں کافی ہلچل مچ گئی ہے۔ کل سماجوادی پارٹی نے اس حوالے سے ناراضگی ظاہر کی تھی، اور ساتھ ہی اس کی شکایات الیکشن کمیشن سے بھی کی تھی۔ اس معاملے کو آج راجیہ سبھا میں سماجوادی پارٹی سے راجیہ سبھا رکن جیہ بچن نے اٹھایا۔
راجیہ سبھا رکن جیہ بچن نے کہا کہ ’’صدر جمہوریہ نے اپنے خطاب میں خواتین کو بااختیار بنانے کی بات کی۔ یہ بہت اچھی بات ہے لیکن ہر خاتون کے ساتھ ایک جیسا سلوک کیوں نہیں ہوتا؟‘‘ جیہ بچن نے اس حوالے سے آگے کہا کہ ’’کل جب اترپردیش کے (ضمنی) انتخاب میں خواتین قطار میں لگی تھیں تو ان کے برقعے کو اٹھا اٹھا کر ان کی پہچان کی جا رہی تھی۔ یہی بات دہلی میں بھی ہوئی۔ جو برقعہ نہیں پہنتی ہیں تو ان کے لیے کوئی تلاشی نہیں اور اگر برقعہ پہن لیا تو اٹھا کر دیکھا جائے گا کہ آپ خاتون ہیں یا نہیں۔‘‘
جیہ بچن نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ایوان میں کہا کہ ’’میری فیملی، میں جہاں پر پیدا ہوئی ہوں، وہاں 3 بہنیں ہیں۔ میں سب سے بڑی ہوں۔ میری پہلی اولاد لڑکی ہے، میری پہلی نواسی لڑکی ہے، میری پہلی پوتی لڑکی ہے۔ تبھی میں سمجھ سکتی ہوں کہ اب سنبھالنے والی خواتین آنے لگی ہیں۔‘‘ اس کے بعد جیہ بچن نے ایک لائن کہتے ہوئے اپنی بات ختم کی کہ ’’ہمیں مشہور ہونے کا شوق نہیں، آپ سبھی مرد ہمیں جانتے ہیں، ہمارے لیے یہی کافی ہے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ راجیہ سبھا رکن جیہ بچن کا یہ بیان خواتین کی عزت اور آزادی کے تئیں ان کی حمایت کی علامت ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔