ملکی پور ضمنی انتخاب میں سماج وادی پارٹی کی جانب سے اجیت پرساد اور بی جے پی کی جانب سے چندر بھانو پاسوان میدان میں ہیں۔ بی ایس پی نے انتخاب میں حصہ نہیں لیا اور کانگریس نے ایس پی کو حمایت دے دی۔
دہلی اسمبلی انتخاب کے ساتھ ساتھ اترپردیش کے ملکی پور اور تمل ناڈو کے ایروڈ (مشرقی) میں بدھ (5 فروری) کو ضمنی انتخاب کے لیے اہل ووترس نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مطابق شام 5 بجے تک ایروڈ (مشرقی) میں 64.02 فیصد اور اترپردیش کے ملکی پور میں 65.25 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ ابھی ملکی پور میں ہوئی ووٹنگ کا فائنل نمبر سامنے نہیں آیا ہے، لیکن اس سے قبل ہی ایک نیا ریکارڈ قائم ہو گیا ہے۔ 2022 میں ہوئے اسمبلی انتخاب میں اس سیٹ پر تقریباً 60 فیصد ووٹنگ ہوئی تھی جبکہ ضمنی انتخاب میں 65 فیصد سے زیادہ ووٹنگ ہو چکی ہے۔
واضح ہو کہ مذکورہ بالا اعداد و شمار شام 5 بجے تک کے ہیں۔ پولنگ کے اختتام پر اعداد و شمار میں اضافے کا امکان ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ 5 بجے کے بعد بھی لوگ ووٹنگ کے لیے قطار میں کھڑے تھے۔ ملکی پور ضمنی انتخاب میں سماج وادی پارٹی کی جانب سے اجیت پرساد میدان میں ہیں وہیں بی جے پی نے چندر بھانو پاسوان کو میدان میں اتارا ہے۔ مجموعی طور پر اس سیٹ سے کُل 10 امیدوار میدان میں اترے تھے جن کی قسمت ای وی ایم میں بند ہو گئی ہے۔
ملکی پور ضمنی انتخاب سے ایک طرف جہاں بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) نے کنارہ کشی اختیار کر لی، وہیں کانگریس نے اس سیٹ سے اپنے اتحادی سماج وادی پارٹی کی حمایت کا اعلان کیا۔ چندر شیکھر آزاد کی آزاد سماج پارٹی (کانشی رام) بھی اس حلقہ سے انتخابی میدان میں ہے۔ اودھیش پرساد کے 2024 کے پارلیمانی انتخاب میں فیض آباد پارلیمانی سیٹ سے جیت درج کرنے کے بعد ملکی پور سیٹ خالی ہو گئی تھی۔ سماج وادی پارٹی کی کوشش ہے کہ جیت کے ساتھ سیٹ کو برقرار رکھے، وہیں بی جے پی کی کوشش ہے اس سیٹ پر جیت حاصل کر کے فیض آباد میں پارلیمانی انتخاب میں شکست کا بدلہ لے۔ بہرحال، لوگوں نے ووٹ ڈال دیا ہے اور اب سبھی کو 8 فروری کا انتظار ہے جب نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ ملکی پور اسمبلی سیٹ پر ہوئے ضمنی انتخاب کے ساتھ ساتھ ایروڈ (شمالی) سیٹ کا نتیجہ بھی 8 فروری کو ہی سامنے آئے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔