عالمی غیر یقینی صورتحال کے باعث آسمان پر پہنچیں سونے کی قیمتیں، 24 گھنٹوں میں 1300 روپے کا اضافہ
نئی دہلی: عالمی اقتصادی غیر یقینی صورتحال اور امریکہ چین تجارتی کشیدگی کے باعث سونے کی قیمتوں میں زبردست اضافہ دیکھا گیا ہے۔ انڈیا بلین اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن (آئی بی جے اے) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 24 کیرٹ سونے کی قیمت 1300 روپے اضافہ کے ساتھ 84320 روپے فی 10 گرام تک پہنچ گئی ہے، جو اس سے پہلے 83010 روپے فی 10 گرام تھی۔
جبکہ 22 کیرٹ سونے کی قیمت 82300 روپے فی 10 گرام، 20 قیراط سونا 75050 روپے اور 18 کیعٹ سونا 63800 روپے فی 10 گرام میں فروخت ہو رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 2880 ڈالر فی اونس کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔
اس اضافہ کی ایک بڑی وجہ ڈالر انڈیکس کا کمزور ہونا ہے جو 109 سے کم ہو کر 107 پر آ گیا ہے۔ امریکہ اور چین کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی اختلافات نے بھی سرمایہ کاروں کو محفوظ سرمایہ کاری کی طرف راغب کیا ہے، جس سے سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔