اتر پردیش کے فتح پور میں کھاگا قصبہ کے پاس 2 مال گاڑیوں کی آمنے سامنے سے ٹکر ہو گئی، یہ دونوں ہی ٹرینیں ایک ٹریک پر مخالف سمت سے آ رہی تھیں۔ حادثہ میں دونوں مال گاڑیوں کے لوکو پائلٹ زخمی ہو گئے۔
اتر پردیش کے فتح پور میں 2 ٹرینوں کے درمیان آمنے سامنے کی شدید ٹکر سے متعلق کانگریس نے مرکزی وزیر مالیات اشونی ویشنو کو ایک بار پھر نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس نے جائے حادثہ کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے ’’Reel منتری جی، پھر ایک بار ’چھوٹا حادثہ‘ ہو گیا ہے، کیا آپ کچھ کہنا چاہیں گے۔‘‘ طنزیہ انداز میں یہ حملہ کانگریس نے وزیر ریل کے ایک پرانے بیان کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا ہے، جب پارلیمنٹ میں انھوں نے ایک ریل حادثہ پر کہا تھا کہ چھوٹے حادثہ کو اپوزیشن کے ذریعہ بڑا بنا کر پیش کیا گیا۔
بہرحال، آج صبح فتح پور ضلع کے کھاگا قصبہ کے پاس پامبھی پور علاقہ میں 2 مال گاڑیوں کی آمنے سامنے سے ٹکر ہو گئی۔ اس حادثہ میں دونوں ہی مال گاڑیوں کے لوکو پائلٹ زخمی ہو گئے ہیں۔ حادثہ کے بعد محکمہ کے افسران جائے وقوع پر پہنچے اور راحت رسانی کا کام شروع ہو گیا۔ اس حادثہ کی وجہ سے دیگر ٹرینوں کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی۔ کچھ ٹرینوں کو فوری طور پر روک دیا گیا اور کچھ ٹرینوں کا راستہ تبدیل کیا گیا۔
اس حادثہ کی جو تصویریں اور ویڈیوز سامنے آئی ہیں، اس میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں مال گاڑیوں کے انجن بری طرح ٹوٹ پھوٹ گئے ہیں۔ ٹکر کے بعد مال گاڑی کے کچھ حصے کو ٹریک سے الگ الٹا ہوا بھی دیکھا گیا ہے، جس سے پتہ چلتا ہے کہ ٹرینوں کے درمیان تصادم زوردار تھا۔ اس حادثہ کے تعلق سے جونیئر ایگزیکٹیو گیان چند سونی نے بتایا کہ ہمیں جیسے ہی خبر ملی، کانپور سے ٹاور ویگن لے کر نکل پڑے تھے۔ شاید ڈرائیور سگنل مس کر گیا اور اپنی اسپیڈ پر کنٹرول نہیں رکھ پایا۔ آگے ٹرین کھڑی تھی اور دوسری ٹرین اس سے ٹکرا گئی۔
اس درمیان خبر سامنے آ رہی ہے کہ ریسکیو مہم کے دوران مزید ایک حادثہ سرزد ہو گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جب ریسکیو کا عمل انجام دیا جا رہا تھا تو ریلوے کا الیکٹرک پول ٹوٹ گیا۔ مال گاڑی کے ویگن کو کھینچتے وقت یہ پول گر گیا جس سے راحت کاری متاثر ہو گیا۔ چونکہ ریلوے لائن کا کرنٹ اسی پول کے ذریعہ دوڑتا ہے، اس لیے دیگر ٹرینوں کی آمد و رفت بھی مزید متاثر ہو سکتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔