دیویندر یادو نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 5 فروری کو ہونے والے دہلی اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو ووٹ دیں تاکہ دہلی کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے
دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اور بادلی اسمبلی حلقے کے کانگریس امیدوار دیویندر یادو نے دہلی اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں عوامی جلسہ سے خطاب کیا۔ دیویندر یادو نے کہا کہ دہلی کے عوام کی نظریں اب کانگریس پر ہیں اور وہ دہلی کو دوبارہ ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لیے کانگریس کو ووٹ دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کی ترقی میں جو رکاوٹیں آئیں ہیں وہ صرف عآپ اور بی جے پی کی وعدوں کے برعکس کارکردگی کی وجہ سے ہیں۔ دونوں پارٹیوں نے عوام سے صرف جھوٹے وعدے کیے ہیں اور کسی بھی وعدے کو عملی جامہ نہیں پہنایا۔
دیویندر یادو نے عوام کو یقین دلایا کہ کانگریس دہلی میں دوبارہ ایک ترقی یافتہ اور آلودگی سے پاک ماحول فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کانگریس نے ہمیشہ عوامی فلاح اور ترقی کو اپنی ترجیح بنائے رکھا ہے اور یہی وجہ ہے کہ دہلی والے اب کانگریس کی طرف متوجہ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کا مقصد صرف اور صرف عوام کی فلاح ہے اور یہ عوامی خدمت کے لیے کام کرنے والی واحد پارٹی ہے۔
انہوں نے گردوارہ نانک سر کا بھی دورہ کیا اور سکھ کمیونٹی کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ دیویندر یادو نے کہا کہ سکھ کمیونٹی ہمیشہ سے کانگریس کے ساتھ رہی ہے اور ان کی حمایت اس بات کا غماز ہے کہ کانگریس ہی اقلیتی برادری کے حقوق کی سب سے بہترین محافظ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کانگریس اقلیتی برادری کے مفادات کو ہمیشہ تحفظ فراہم کرے گی اور ان کی ترقی کے لیے کام کرے گی۔
انہوں نے گرو نانک دیو کالونی کے رہائشیوں سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ کانگریس ہی وہ جماعت ہے جو دہلی کے عوام کی خدمت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ دیویندر یادو نے کہا کہ کانگریس ذاتی مفادات کے لیے کام نہیں کرتی، بلکہ صرف عوام کی فلاح و بہبود کا خیال رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کا ایک ہی مقصد ہے اور وہ ہے دہلی کے عوام کو بہتر حکمرانی اور ترقی فراہم کرنا۔
دیویندر یادو نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 5 فروری کو ہونے والے انتخابات میں کانگریس کو ووٹ دیں، کیونکہ ہر ایک ووٹ کانگریس کی جیت کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے اقتدار میں آنے سے دہلی میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا اور دہلی کے عوام کو اس کے فوائد ملیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔