مہر نیوز کے مطابق، تین ہندوستانی شہری جو تجارتی مقاصد کے لیے ایران گئے تھے لاپتہ ہیں۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ ہم نے دہلی میں ایرانی سفارت خانے اور تہران میں اس ملک کی وزارت خارجہ کے ساتھ معاملہ اٹھایا ہے اور ہم ان کے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کی وزارت خارجہ اور تہران میں سفارت خانہ ایرانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے اور لاپتہ شہریوں کو تلاش کرنے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے سلسلے میں اپنی کوششیں بروئے کار لا رہا ہے۔
تین لاپتہ ہندوستانیوں کی شناخت یوگیش پنچال، محمد صدیق اور سومیت سدھ کے طور پر ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پنچال نے حال ہی میں خشک میوہ جات اور سیب کا کاروبار کرنے والی ایک برآمدی فرم شروع کی تھی اور کاروباری مواقع کی تلاش میں 5 دسمبر کو ممبئی سے تہران کے لیے فلائٹ لی تھی، جب کہ محمد صدیق دسمبر 2024 میں بھی ایران کا سفر کر چکے تھے اور سومیت سدھ نے جنوری کے شروع میں اس ملک کا سفر کیا تھا۔