مصنوعی گھٹنے کے جوڑ کی تیاری، غیر ملکی مصنوعات کے مقابلے میں سستا ایرانی ماڈل ایجاد

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی طبی آلات بنانے والی کمپنی نے جدید ہائیڈرولک ٹیکنالوجی پر مبنی گھٹنے کا جوڑ آئی آر 60 ڈیزائن کیا ہے۔ یہ جوڑ بچوں سمیت تمام عمر کے افراد کے لیے مفید ثابت ہوسکتا ہے۔

کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر رضا ایران‌پور نے آئی آر 60 ہائیڈرولک گھٹنے کے جوڑ کی جدید ٹیکنالوجی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ پروڈکٹ صارف کو جھکنے اور سیدھا ہونے کی دو الگ الگ حرکات پر کنٹرول فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں ایمرجنسی بریکنگ سسٹم نامی میکانزم شامل ہے، جو کھڑے ہونے کے دوران خم ہونے کی طاقت فراہم کرتا ہے اور جوڑ کے استحکام کو کنٹرول کرتا ہے۔

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ یہ جدید ٹیکنالوجی چلنے کے دوران صارف کی توانائی خرچ ہونے کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے اور کولہے اور ریڑھ کی ہڈی پر پڑنے والے دباؤ کو کم کرتی ہے۔ ایمرجنسی بریکنگ سسٹم کے غیر فعال ہونے کی صورت میں چار میکانیکی سلاخوں کے جوڑ کی مدد سے صارف اپنی مرضی سے گھٹنے کو موڑ سکتا ہے۔ اس خودکار ڈیزائن کی بدولت صارف کو حرکت کے دوران زیادہ استحکام اور تحفظ حاصل ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی بریکنگ سسٹم کی مقاومت حرکت کی رفتار سے براہ راست متاثر ہوتی ہے، یعنی تیز رفتاری کی صورت میں بھی یہ نظام جوڑ کی قدرتی حرکت میں رکاوٹ نہیں بنتا۔ یہ مصنوعی جوڑ ملٹری گریڈ ایلومینیم سے تیار کیا گیا ہے جو اسے نہایت ہلکا بناتا ہے گویا ہلکا وزن اس جوڑ کا سب سے بڑا امتیاز ہے جو اسے مارکیٹ میں دستیاب دیگر مصنوعات سے ممتاز بناتا ہے۔

کمپنی کے CEO نے مزید بتایا کہ اس مصنوعی جوڑ کی ایک اور نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ اسے مختلف رنگوں میں تیار کیا جا سکتا ہے تاکہ صارفین اپنی پسند کے مطابق اسے منتخب کر سکیں۔

ایران‌پور نے آخر میں کہا کہ اس پروڈکٹ کا غیر ملکی ماڈل تقریبا 15 لاکھ روپے سے زیادہ قیمت کا ہے جبکہ ہماری کمپنی کا تیار کردہ مصنوعی جوڑ صرف 4 لاکھ روپے میں دستیاب ہوگا، جو معذور افراد اور جنگی زخمیوں کے لیے ایک بہترین آپشن ہے۔ کمپنی سالانہ 40 مصنوعات تیار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے جو کئی افراد کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *