مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے مشہد میں 41ویں بین الاقوامی قرآنی مقابلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قرآنی تعلیمات پر عمل کرنے کی سفارش کی۔
انہوں نے کہا ہے کہ قرآن کریم میں مسلمانوں کو امت واحدہ کے طور پر خطاب کیا گیا ہے اور ان سے کہا گیا ہے کہ وہ وحدت کی رسی کو تھامے رکھیں اور تفرقہ سے گریز کریں۔
پزشکیان نے کہا کہ بلا شبہ آج عالم اسلام کے مسائل کا ایک بڑا حصہ ان قرآنی تعلیمات سے دوری کا نتیجہ ہے اور تفرقے کے باعث اسلام اور انسانیت کے دشمنوں کو میدان فراہم ہوا ہے، لہذا اسلامی معاشروں میں قرآن کی مطلوبہ وحدت کے عملی نفاذ کے لئے کوشش کرنی چاہئے۔
انہوں نے زور دے کہا کہ قرآن مجید، نسل، رنگ، طبقے اور مذہب سے قطع نظر براہ راست انسانی فطرت سے اپیل کرتا ہے اور انسانیت کو کمال کی طرف رہنمائی کرتا ہے۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ آج خطے اور دنیا کی ایک زندہ حقیقت ظلم کے خلاف مزاحمت ہے، جو در اصل قرآن کی زندگی بخش تعلیمات سے جنم لیتی ہے اور تجربے سے ثابت ہوا ہے کہ اس تحریک کو ہرگز ختم نہیں کیا جا سکتا بلکہ یہ روز بروز مضبوط ہوجائے گی۔
ایرانی صدر نے کہا کہ آج عالمی استکبار مختلف ذرائع ابلاغ کا سہارا لے کر دین اسلام اور قرآن کو نشانہ بنا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ اسلامو فوبیا کا اصل ہدف مسلمانوں کے انسانی اور مادی وسائل کو لوٹنا ہے لیکن خدا کے فضل سے عالمی استکبار کے ناپاک منصوبے ناکام ہو جائیں گے۔