واشنگٹن: امریکہ کے واشنگٹن ڈی سی میں ریگن نیشنل ہوائی اڈے کے قریب حادثے کا شکار ہونے والے سی آر جے 700 جیٹ طیارے کا بلیک باکس دریائے پوٹومیک میں مل گیا ہے۔
سی این این نے جمعرات کو ڈیموکریٹک سینیٹر ماریا کینٹ ویل کے دفتر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ بدھ کی دیر رات واشنگٹن ڈی سی کے ریگن نیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران ایک علاقائی مسافر بردار طیارہ جس میں 64 افراد سوار تھے، امریکی فوجی ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا تھا۔
فوجی ہیلی کاپٹر میں تین افراد سوار تھے جبکہ طیارے میں 60 مسافر اور عملے کے چار افراد سوار تھے۔
واضح رہے کہ فضا میں ٹکرانے کے بعد دونوں طیارے پوٹومیک دریا میں گر گئے۔ یہاں سے اب تک تقریباً 28 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
اے بی سی نیوز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ امریکن ایئر لائنز کے طیارے سے فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر دونوں کو بازیافت کر کے نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کی لیبارٹری میں لے جایا گیا ہے۔