بدھ کی صبح لوکل ٹرین سنتراگاچھی سے پانشکورہ جا رہی تھی، اس میں کچھ تکنیکی خرابی آ گئی جس کی وجہ سے وہ کلگچھیا اسٹیشن کے پاس رکی رہی، تبھی اچانک پیچھے سے ایکسپریس ٹرین آ گئی۔
مغربی بنگال میں ہاوڑہ جنکشن کے قریب اس وقت لوگوں میں چیخ پکار مچ گئی جب ہاوڑہ-بھدرک ایکسپریس اسی پٹری پر آ گئی جہاں پہلے سے ہی ایک ٹرین کھڑی ہوئی تھی۔ حالانکہ لوکو پائلٹ نے فوری طور پر بریک لگا لگا دیا اور اس کی سمجھداری کے سبب ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ اب اس پورے معاملے کی تحقیقات شروع ہو گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 29 جنوری (بدھ) کی صبح تقریباً 10 بجے یہ واقعہ پیش آیا۔ ایک لوکل ٹرین سنتراگاچھی سے پانشکورہ جا رہی تھی۔ اس ٹرین میں کچھ تکنیکی خرابی آ گئی جس کے سبب وہ کلگچھیا اسٹیشن کے پاس رکی رہی۔ بہت دیر تک ٹرین رکنے سے مسافروں نے ہنگامہ شروع کر دیا۔ لوگ سوال کرنے لگے کہ آخر ٹرین کیوں روکی گئی ہے۔ یہ ہنگامہ چل ہی رہا تھا کہ اچانک پیچھے سے ایکسپریس ٹرین آ گئی جسے بھدرک کی طرف جانا تھا۔ ڈرائیور نے جب اس پٹری پر آگے لوکل ٹرین کھڑی دیکھی تو فوراً بریک لگا دیا۔ اس طرح ایکسپریس ٹرین ٹھیک اس جگہ جا کر رک گئی جہاں کچھ ہی دوری پر لوکل ٹرین کھڑی تھی۔
بتایا جاتا ہے کہ لوکو پائلٹ کو اگر بریک لگانے میں ذرا بھی تاخیر ہوتی تو بڑا حادثہ سرزد ہو سکتا تھا۔ بغل والی پٹری پر مزید ایک لوکل ٹرین کھڑی تھی۔ یعنی اگر ہاوڑہ-بھدرک ایکسپریس ٹرین پیچھے سے لوکل ٹرین کو ٹکر مارتی تو دوسری پٹری پر کھڑی لوکل ٹرین بھی زد میں آ سکتی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ آس پاس موجود سبھی لوگ چیخنے لگے۔ اس معاملے کی خبر ملتے ہی ریلوے اہلکار پہنچے اور نصف گھنٹے میں حالات معمول پر آ گئے۔
غور کرنے والی بات یہ ہے کہ اس طرح کا معاملہ پہلے بھی پیش آ چکا ہے۔ قبل میں بردوان کے جھاپان ڈانگا اسٹیشن کے سامنے ایک مال گاڑی رکی تھی، تبھی پیچھے سے ہاوڑہ-بول پور شانتی نکیتن ایکسپریس آ گئی۔ یہ ٹرین بھی مال گاڑی سے ٹھیک پہلے رکی تھی اور اس پر سوار کئی مسافر خوف کے مارے ٹرین سے اتر گئے تھے۔ کچھ مسافر تو جلدبازی میں کود گئے تھے جس سے وہ زخمی ہو گئے۔