ئی دہلی: اتر پردیش کے باغپت میں نروان مہوتسو کے دوران اسٹیج کے گرنے سے بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق 40 سے زائد بھکت زخمی ہو گئے ہیں جبکہ 5 کی موت کی اطلاعات ہیں تاہم انتظامیہ نے فوری اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔ زخمیوں کو قریبی ہاسپٹلس منتقل کیا گیا اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
واقعہ باغپت کے باروت میں جین نروان مہوتسو کے دوران پیش آیا جہاں کافی عقیدت مند موجود تھے،اسٹیج ٹوٹنے کی وجہ سے یہ حادثہ رونما ہوا۔ اس حادثے میں خواتین، مرد اور بچے سب زخمی ہوئے ہیں۔ موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے فوراً بعد ایمبولنسس کی کمی کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد زخمیوں کو ای رکشہ کے ذریعہ ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔
اس حادثے سے متعلق اطلاعات ہیں کہ اسٹیج کی اونچائی 65 فٹ تھی اور اس کی سیڑھیاں ٹوٹنے کی وجہ سے متعدد لوگ نیچے گر گئے، جس سے بھگدڑ مچ گئی۔ اس وقت وہاں بہت زیادہ ہجوم تھا کیونکہ جین کالج کے احاطے میں نصب مانستمبھ پر مجسمے کا آباہیک (ابھیشیک) ہونا تھا۔ اب یہ تفتیش کی جا رہی ہے کہ یہ واقعہ کسی کی غفلت کا نتیجہ تھا یا صرف حادثہ تھا۔
اس حادثے میں مرنے والوں کی شناخت فوری طور پر ترس پال جین (75)، امیت (40)، اوشا (65) اور ارون کے طور پر کی گئی ہے۔ چونکہ مزید بھکت زخمی ہیں، انتظامیہ کو خدشہ ہے کہ اموات کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔