اشوک گہلوت نے کہا کہ ’’راہل گاندھی کی مہم سے بی جے پی والے بوکھلا گئے ہیں، کیونکہ راہل گاندھی نے طلبہ کا مسئلہ اٹھایا ہے اور ملک بھر میں 90 پیپر لیک ہو چکے ہیں۔‘‘


i
لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رہنما راہل گاندھی نیٹ پیپر لیک سے متاثرہ لاکھوں طلبہ کے انصاف کی آواز بلند کرنے کے لیے آج کوٹا میں طلبہ سے بات چیت کریں گے۔ کانگریس پارٹی نے ان کے پروگرام کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ حالانکہ راہل گاندھی کے دورے سے قبل شہر میں جگہ جگہ سے پروگرام کے پوسٹر ہٹائے جانے کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے، جس پر ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے بی جے پی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔
کانگریس کے سینئر لیڈر اشوک گہلوت نے کہا کہ بی جے پی راہل گاندھی کی مہم سے بوکھلا گئی ہے۔ کوٹا میں پروگرام سے قبل اشوک گہلوت نے کہا کہ یہ اوم برلا کا لوک سبھا حلقہ ہے اور وہ لوک سبھا کے اسپیکر بھی ہیں۔ راہل گاندھی لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر ہیں، انہیں ان کا استقبال کرنا چاہیے۔ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ انہیں یہاں آ کر کھڑا ہونا چاہیے، لیکن کم از کم انہیں یہ پیغام تو بھیجنا چاہیے کہ آپ میرے شہر آ رہے ہیں۔
اشوک گہلوت نے کہا کہ راہل گاندھی کی مہم سے یہ لوگ بوکھلا گئے ہیں، کیونکہ راہل گاندھی نے طلبہ کا مسئلہ اٹھایا ہے اور ملک بھر میں 90 پیپر لیک ہو چکے ہیں۔ اشوک گہلوت نے کہا کہ راجستھان میں جب کانگریس کی حکومت تھی تو اسمبلی انتخاب جیتنے کے لیے ہماری حکومت کو بدنام کیا گیا۔ حالانکہ جس طرح سے ایک کے بعد ایک پیپر لیک ہوئے، ان کی حقیقت سامنے آگئی ہے۔ نیٹ پیپر کے علاوہ کئی پیپر لیک ہوئے ہیں۔ نوجوانوں کو سمجھنا ہوگا کہ ان کا مستقبل کیا ہونے والا ہے۔ پیپر لیک ہونے کے بعد جو افسوسناک واقعات پیش آ رہے ہیں، وہ رکنا چاہیے۔
راہل گاندھی کے پروگرام کے حوالے سے سچن پائلٹ نے کہا کہ یہ سچ ہے کہ کئی طلبہ پر پروگرام میں شامل نہ ہونے یا نہ جانے کا دباؤ ڈالا جا رہا ہے، جو کہ بہت بدقسمتی کی بات ہے۔ راہل گاندھی یہاں آئیں گے اور حکومت چاہے کتنی بھی کوشش کر لے، تمام کوششوں کے باوجود یہ پروگرام بہت کامیاب ہوگا اور بڑی تعداد میں نوجوان اس میں حصہ لیں گے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

