ریاض (سعودی عرب): سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں انڈین فرینڈز سرکل (آئی ایف سی) کی ادبی شاخ “ادبی فورم” کے زیر اہتمام 24 جنوری کو ایک شاندار مشاعرہ منعقد ہوا، جو معروف شاعر ڈاکٹر تابشؔ مہدی مرحوم کی یاد میں تھا۔ یہ محفل خیام ہوٹل کے حارہ میں شام 6 بجے سے رات 10:30 تک جاری رہی۔
محفل کی صدارت ڈاکٹر انعام اللہ فلاحی نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض حسان عارفی نے احسن انداز میں ادا کیے۔ مشاعرے میں مہمانِ خصوصی کے طور پر اختر الاسلام صدیقی، اور مہمانانِ اعزازی میں قیوم احمد، مشتاق شیخ، ضیاء عرشی صاحبان اور صدرِ ادبی فورم طاہر بلال نے شرکت کی۔
محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت جبریل بن جمیل احمد نے اپنے دلنشین لحن میں حاصل کی۔ اس کے بعد جمیل احمد نے ہدیئہ نعت پیش کیا، جسے سامعین نے دل کی گہرائیوں سے پسند کیا۔
ادبی فورم کی روایت کے مطابق، محفل کی ابتدا نثری نشست سے ہوئی، جس میں وسیم قریشی اور تنویر احمد تماپوری نے اپنی تخلیقات پیش کیں۔ وسیم قریشی نے “اجالے تیرگی سے ڈر گئے ہیں” اور تنویر احمد تماپوری نے “ہنی مون ایکسپریس” کے موضوع پر اپنے خیالات پیش کیے، جس پر سامعین نے بھرپور داد دی۔ ناظمِ مشاعرہ نے نثری نشست کے اختتام اور نمازِ عشاء کے اعلان کے بعد شعری نشست کا آغاز کیا۔
شعری نشست کے دوران حسان عارفی کی عمدہ نظامت نے محفل کو مزید دلچسپ اور جاندار بنایا۔ اس مشاعرے میں شریک شعراء نے اپنی تخلیقات پیش کر کے محفل میں رنگ بھر دیے۔ صدرِ محفل ڈاکٹر انعام اللہ فلاحی نے اپنے صدارتی خطاب میں شعراء و ادباء کے کلام کی خوب تعریف کی اور سامعین کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے منتظمین کو بھی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ایسے دور میں جب اردو زبان سے لوگ دور ہو رہے ہیں، “ادبی فورم” اس کی آبیاری میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
مشاعرہ تقریباً رات 10:30 بجے سعودی وقت کے مطابق صدر ادبی فورم طاہر بلال کے کلماتِ تشکر کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اختتام پر منتظمین کی جانب سے شعراء اور شرکاء کے لیے ایک پر تکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔
اس مشاعرے میں ریاض میں مقیم مشہور شعراء نے اپنی تخلیقات پیش کیں، جن میں طاہر بلال، حسان عارفی، ضیاء عرشی، جمیل احمد، سعید اختر آعظمی، افتخار راغب، مزمل تماپوری، اسماعیل روشن، عبدالرحمن راشد، سراج عالم زخمی، عبدالاول، سلیم کاوش، سہیل اقبال، ظفر محمود، دانش ممتاز، ذکی قاضی اور قاضی منصور قاسمی شامل تھے۔
یہ مشاعرہ ایک کامیاب ادبی محفل تھی، جس میں شعراء اور سامعین نے اردو ادب کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا۔