اے ایم آر میڈیکل اینڈ ایجوکیشنل ٹرسٹ اور نیو برائٹ ہاسپٹل کے درمیان معاہدہ: امروہہ کے ضرورت مند مریضوں کے لیے بڑی خوشخبری
(امروہہ، 24 جنوری 2025)
اے ایم آر میڈیکل اینڈ ایجوکیشنل ٹرسٹ اور نیو برائٹ ہاسپٹل نے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت ضرورت مند مریضوں کو مفت یا سبسڈی پر معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس معاہدے کا مقصد امروہہ اور دیہی علاقوں کے ضرورت مند افراد تک بہترین طبی سہولیات پہنچانا ہے۔
معاہدے پر ڈاکٹر غیور حسن نقوی (ڈائریکٹر، نیو برائٹ ہاسپٹل) اور جناب رضی زیدی (نمائندہ ٹرسٹ) نے دستخط کیے۔ تقریب کے دوران ڈاکٹر غیور حسن نے کہا،
“ہمارا مشن ہے کہ امروہہ کے ہر فرد کو علاج کی معیاری سہولت مہیا کی جائے۔ یہ معاہدہ ایک تاریخی قدم ہے جو صحت کے شعبے میں مثبت تبدیلی لائے گا۔”
ڈاکٹر مرغوب حسن نقوی نے اس اقدام کو ضرورت مند عوام کے لیے ایک مثالی اور امید افزا قدم قرار دیا۔
ڈاکٹر عفشہ زیدی نے کہا،
“یہ منصوبہ صحت کی خدمات کو غریب اور پسماندہ طبقات کے لیے قابل رسائی بنانے کا بہترین ذریعہ ہوگا۔”
جناب رضی زیدی نے عزم ظاہر کیا کہ ٹرسٹ ضرورت مندوں کو بغیر کسی مالی بوجھ کے علاج فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔
تقریب میں موجود معزز مہمانان، جن میں جناب نسیم نقوی، علی نقی، سیف علی زیدی، کاشف دہلوی، اور افسر دہلوی شامل تھے، نے اس معاہدے کی تعریف کی اور اسے عوامی فلاح کے لیے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا۔
یہ معاہدہ امروہہ اور گرد و نواح کے عوام کے لیے صحت کے میدان میں ایک امید کی کرن ہے، جو غریب اور ضرورت مند مریضوں کو معیاری علاج فراہم کرے گا۔