صہیونی منصوبے خاک میں مل گئے، حماس آج بھی زندہ اور فعال ہے، قالیباف

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکہ اور صہیونی حکومت نے حماس سمیت فلسطینی مقاومت کو ختم کرنے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا لیکن دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں مل گئے۔ حماس آج بھی زندہ اور فعال ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی مزاحمت پہلے سے زیادہ مضبوط ارادے کے ساتھ جاری ہے اور دشمن کو شرمندہ کررہی ہے۔ خطے کی اقوام کے حوصلے بلند ہیں۔ مقاومت ہی مقبوضہ سرزمینوں کی آزادی کا واحد راستہ ہے۔

محمد باقر قالیباف نے کہا کہ فلسطینی مظلوم قیدیوں کی آزادی اور ان کا اپنے خاندانوں کے پاس واپس آنا، غزہ کے عوام کی مقاومت کے ساتھ یکجہتی اور استقامت کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ظالم اور قابض صہیونی حکومت امریکی بموں سے گھروں، اسکولوں اور اسپتالوں کو تباہ کر سکتی ہے لیکن وہ کبھی بھی فلسطینی عوام کے عزم کو توڑنے یا مقاومت کی روح کو ختم نہیں کرسکے گی۔

قالیباف نے کہا کہ صہیونی حکومت نے عالمی سطح پر پروپیگنڈا کرکے اپنی فتح اور مقاومت کی شکست کو ثابت کرنے کی کوشش کی لیکن آج یہ واضح ہو چکا ہے کہ حماس زندہ اور فعال ہے اور مقاومت پہلے سے زیادہ مضبوط عزم کے ساتھ جاری ہے۔

قالیباف نے مزید کہا کہ میں راہ مقاومت کے شہداء اسماعیل ہنیہ، یحیی سنوار، سید حسن نصر اللہ، سید ہاشم صفی الدین اور تمام ان مجاہدین کی روحوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے صہیونی حکومت کے خلاف مقدس جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *