مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، فلسطین کے علاقے غرب اردن میں ایک صیہونی فوجی چیک پوسٹ پر فلسطینی شہریوں پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص شہید اور دو زخمی ہو گئے۔ الجزیرہ نے کہا ہے کہ مغربی کنارے میں اس وقت 700,000 سے زائد صیہونی آباد کار موجود ہیں، جن میں صیہونی حکومت کے انتہا پسند حکام جیسے ایتمار بن گویر اور بتزالل اسموتریچ بھی شامل ہیں۔ اس علاقے میں صیہونی فوج نے سخت حفاظتی اقدامات نافذ کر رکھے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق غرب اردن اور مقبوضہ بیت المقدس کے درمیان واقع قلندیہ میں صیہونی فوجیوں کی جانب سے فلسطینیوں پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ فلسطینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں ایک فلسطینی شہری شہید اور دو دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔
قلندیہ چیک پوسٹ دو دہائیاں قبل صیہونی فوجیوں نے مغربی کنارے میں آباد کاروں کی حفاظت کے لیے قائم کی تھی۔ تاہم، 2004 میں بین الاقوامی عدالت انصاف نے اس اقدام کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔