نرمل،26/جنوری(ایم۔اے۔وحید)ہندوستان کے 76ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر ضلع ہیڈ کوارٹر پر واقع این ٹی آر پولیس پریڈ گراؤنڈ میں یوم جمہوریہ کی تقریب کا شاندار پیمانے انعقاد عمل میں لایا گیا۔ضلع کلکٹر ابھیلاشا ابھینو مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کرتے ہوئے ترنگا لہرایا۔ اس کے بعد انہوں نے پولیس کی جانب سے دی گئی سلامی لی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے مختلف شعبہ جات کے ذریعے ضلع میں نافذ العمل فلاحی و ترقیاتی اسکیموں اور حاصل کی گئی کامیابیوں کے بارے میں ذکر کیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے دیگر عہدیداروں اور معروف شخصیتوں سے ملاقات کرکے یوم جمہوریہ کی مبارکباد پیش کی۔ کلکٹر نے بہترین خدمات انجام دینے والے ملازمین کو توصیف ناموں سے نوازا۔ اس کے علاوہ زراعت، باغبانی، دیہی ترقی، جنگلات، ڈائری، ویٹرنری، تعلیم، صحت، خواتین و بچوں کی بہبود، آبپاشی، مشن بھگیرتھا، فشریز اور دیگر شعبہ جات کی جانب سے لگائے گئے اسٹالز کا مشاہدہ کیا۔ قبل ازیں، حکومت کے ذریعہ یوم جمہوریہ کے موقع پر شروع کی گئی مختلف فلاحی اسکیمیں، جیسے رعیتو بھروسہ، اندراما ہاؤسنگ، فوڈ سیکیورٹی کارڈز، اندراما آتمیہ بھروسہ، اور دیگر ترقیاتی اسکیموں پر مبنی جھانکیاں لوگوں کی توجہ کا مرکز رہیں۔ یوم جمہوریہ کی تقریب کے دوران طلبہ کی جانب سے پیش کیے گئے ثقافتی پروگرامز نے شرکاء کو محظوظ کیا۔ اپنے سینوں میں حب الوطنی کا جذبہ لئے بچوں نے اپنے مظاہرے سے تقریب کو مزید دلکش بنایا۔ سرکاری اور نجی اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے مختلف رقص پیش کرکے حاضرین کی داد حاصل کی۔حب الوطنی کے گیت گاتے ہوئے اور رقص کے ذریعے قومی یکجہتی کا پیغام دیا۔ اس موقع پر کلکٹر، دیگر مہمانان خصوصی اور ضلع کے اعلیٰ افسران بچوں کے قریب پہنچے اور انہیں مومینٹوز سے نوازا۔ تقریب میں تمام شعبہ جات کے عہدیداروں، ملازمین، مجاہدین آزادی، عوام، طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس سے قبل، ضلع کلکٹر نے کیمپ آفس میں قومی پرچم لہرایا اور بچوں میں نوٹ بکس اور پین تقسیم کئے۔اس تقریب میں ایڈیشنل کلکٹرز فیضان احمد، کشور کمار، ایس پی جانکی شرمیلا، ایڈیشنل ایس پیز اویناش کمار مہانتی، راجیش مینا، اوپیندر ریڈی، دیگر عہدیدار، ملازمین، عوام، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔