زلزلہ کے بعد محکمہ آفات انتظامیہ نے ایس ڈی آر ایف کی ایک ٹیم کو موقع پر بھیجا ہے جو لینڈ سلائیڈنگ زون اور زلزلہ سے متاثر علاقوں میں نگرانی رکھے گی۔
اتراکھنڈ: اُترکاشی میں پھر زلزلہ کے جھٹکے لگے ہیں۔ ہفتہ کی صبح 5:48 بجے زلزلہ کا ہلکا جھٹکا محسوس کیا گیا۔ زلزلے کا مرکز تحصیل ڈونڈا کے گاؤں کھرکوٹ اور بھرن گاؤں کے وسط جنگلی علاقے میں تھا۔ کل جمعہ کو بھی یہاں زلزلہ کے تین جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ لگاتار آ رہے زلزلہ سے لوگ خوفزدہ ہو گئے ہیں اور اپنی حفاظت کو لے کر کافی ٰفکر مند ہیں۔ وہیں انتظامیہ نے بھی آفات انتظامیہ نظام کو الرٹ کر دیا ہے۔ فی الحال زلزلہ سے کسی طرح کے نقصان کی اطلاع حاصل نہیں ہوئی ہے۔
اتر کاشی میں زلزلہ کے جھٹکوں کے بعد انتظامیہ نے فوری کارروائی کی ہے۔ محکمہ آفات انتظامیہ نے ایس ڈی آر ایف کی ایک ٹیم کو موقع پر بھیج دیا ہے تاکہ کسی بھی طرح کے آفات سے نپٹنے کے لیے وہ مستعد رہیں۔ یہ ٹیم لینڈ سلائیڈنگ زون اور زلزلہ سے متاثر علاقوں میں نگرانی رکھے گی اور ضرورت پڑنے پر راحت کا کام شروع کیا جائے گا۔
زلزلہ کے جھٹکوں کے بعد اُتر کاشی کے وروناوت لینڈ سلائیڈنگ زون سے پتھر گرنے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔ ان پتھروں کے گرنے سے لوگوں کے درمیان خوف کا ماحول بنا ہوا ہے کیونکہ یہ پتھر کسی بھی وقت سڑک کے راستے پر گر سکتے تھے، جس سے آمد و رفت میں رکاوٹ پیدا ہو سکتی تھی۔ انتظامیہ نے اس سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے ممکنہ خطرے سے نپٹنے کے انتظامات کو بڑھایا ہے۔
واضح ہو کہ جمعہ کو ضلع ہیڈکوارٹر سمیت منیری، بھٹواڑی اور ڈونڈا علاقے میں زلزلہ کے تین جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ ان جھٹکوں سے دن بھر لوگوں میں خوف کا ماحول بنا رہا۔ زلزلہ کا پہلا جھٹکا صبح 7:41 بجے محسوس ہوا، جس کی شدت 2 اعشاریہ 7 تھی، اس کا مرکز اتر کاشی ضلع میں ہی تھا۔ اس کے بعد دوسرا جھٹکا 8:19 بجے آیا، جس کی شدت 3 اعشاریہ 5 درج کی گئی جبکہ تیسرا جھٹکا 10:59 بجے محسوس ہوا لیکن اس کی شدت بہت ہلکی تھی جسے ریختر پیمانے پر درج کرنا ممکن نہیں ہو سکا۔ زلزلہ کے ان جھٹکوں کے بعد لوگوں میں افرا تفری کا ماحول تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔