حیدرآباد: پروفیسر ایس اے شکور، ڈائریکٹر دائرة المعارف العثمانیہ، نے کہا کہ اردو زبان کے فروغ کے لیے اساتذہ کو متحد اور سنجیدہ کوششیں کرنی ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد سمیت ریاست تلنگانہ اور دیگر ریاستوں میں اردو کے مشاعرے اور سیمینار منعقد ہو رہے ہیں، لیکن اردو کو عام کرنے کے لیے طلبہ اور عوام میں اس زبان سے محبت کا جذبہ پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
نمائش کلب میں بزم احباب دکن اور تلنگانہ اسٹیٹ ٹیچرز یونین (ٹی ایس ٹی یو) کے زیر اہتمام منعقدہ عظیم الشان مشاعرے سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر شکور نے کہا کہ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں سے مادری زبان میں بات کریں اور اردو کو لکھنے، پڑھنے اور بول چال میں شامل کریں۔ انہوں نے ریاست میں اردو میڈیم کے اسکولوں کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں 1500 سے زائد اردو میڈیم پرائمری اور ہائی اسکول موجود ہیں، جہاں ایک لاکھ سے زیادہ طلبہ زیر تعلیم ہیں، لیکن ان اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی کمی تشویشناک ہے۔
انہوں نے عثمانیہ یونیورسٹی میں اردو زبان کی گرتی ہوئی حیثیت پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ جہاں پہلے اردو کے کورسز کے لیے 800 طلبہ انٹرنس امتحان دیتے تھے، اب یہ تعداد گھٹ کر صرف 22 رہ گئی ہے۔
جی اے نورانی نے اپنے خطاب میں نمائش سوسائٹی کے تعلیمی اور ثقافتی کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ نمائش سوسائٹی کے تحت 37 ہزار سے زائد طالبات تعلیم حاصل کر رہی ہیں، جن میں سے کئی اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں۔ انہوں نے مشاعروں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کے مشاعروں نے عالمی شہرت حاصل کی ہے۔
انہوں نے سامعین کو یقین دلایا کہ شنکر جی مشاعرے کے احیاء کے لیے نمائش سوسائٹی کے ذمہ داران سے نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشاعرہ 37 سال تک اردو زبان کی خدمت کرتا رہا ہے اور اس میں چوٹی کے شعراء نے اپنی تخلیقات پیش کیں۔
مشاعرے کی صدارت جناب محمد عبدالباسط خان، سابق صدر ٹی ایس ٹی یو نے کی، جب کہ جناب محمد عبداللہ، صدر ٹی ایس ٹی یو تلنگانہ، اور دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔
مشاعرے میں مشہور شعراء جناب اکبر خان اکبر، جناب سیف نظامی، جناب سمیع اللہ سمیع، اور دیگر نے اپنا کلام پیش کیا۔ مشاعرے کی نظامت ماہر نظامت جناب لطیف الدین لطیف نے کی، اور اختتام پر جناب محمد لائق علی خان نے شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں معزز شخصیات، محبان اردو، اساتذہ، اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔