ممبئی: مہاراشٹر کے بھنڈارا ضلع کے جواہر نگر علاقے میں جمعہ کی صبح آرڈیننس فیکٹری میں ہونے والے زوردار دھماکے میں آٹھ افراد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر بھنڈارا ضلع اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق، دھماکہ فیکٹری کے آر کے سیکشن میں ہوا، جہاں اس وقت 20 سے زائد لوگ کام کر رہے تھے۔ صبح 11 بجے کے قریب ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں فیکٹری کی چھت منہدم ہو گئی۔
ریسکیو ٹیموں نے جے سی بی کی مدد سے ملبہ ہٹانے کا کام شروع کر دیا ہے۔ بھنڈارا کے ضلع کلکٹر سنجے کولٹے نے بتایا کہ جائے حادثہ پر بارہ افراد پھنسے ہوئے تھے، جن میں سے دو کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر تعینات ہیں اور متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
مرکزی وزیر نتن گڈکری نے اس واقعے کو ایک بڑا حادثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں آٹھ افراد کی ہلاکت کی اطلاع ملی ہے اور سات زخمی ہیں۔ انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے کی وجہ سے 13 سے 14 مزدور ملبے تلے پھنس گئے ہیں۔ ضلع کلکٹر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ موقع پر موجود ہیں اور ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایس ڈی آر ایف اور ناگپور میونسپل کارپوریشن کی ٹیموں کو بھی امدادی کارروائیوں کے لیے بلایا گیا ہے، جو جلد ہی موقع پر پہنچ کر دفاعی دستوں کے ساتھ مل کر امدادی کام انجام دے رہی ہیں۔