کانگریس نے ہمیشہ ڈاکٹر امبیڈکر کے ساتھ ناانصافی کی: موہن یادو

بھوپال: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے آج کانگریس لیڈروں پر بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے ساتھ ہمیشہ ناانصافی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اب اسی پارٹی کے لیڈر ووٹوں کے لالچ میں ان کا نام لے کر مہو میں جمع ہو رہے ہیں۔

ڈاکٹر یادو نے یہاں بھوپال کے سب سے بڑے تقریباً تین کلومیٹر لمبے فلائی اوور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر ریاستی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر وشنودت شرما، محکمہ تعمیرات عامہ کے وزیر راکیش سنگھ اور کئی عوامی نمائندے بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر یادو نے اعلان کیا کہ اس فلائی اوور کا نام ڈاکٹر امبیڈکر کے نام پر رکھا جائے گا۔

ڈاکٹر یادو نے اندور کے قریب مہو میں 27 جنوری کو کانگریس کے تجویز کردہ پروگرام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس اور اس کے لیڈر ووٹ کے لیے ایسا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر نے دفعہ 370 کی مخالفت کی تھی، لیکن اس وقت کانگریس لیڈروں نے اسے نافذ کیا۔ اسی طرح ڈاکٹر امبیڈکر کو حکومت میں بہتر اور ان کی دلچسپی کی وزارت نہیں دی گئی۔ جب انہوں نے لوک سبھا الیکشن لڑا تو کانگریس نے انہیں ہرادیا۔ اسی طرح ایسی کئی مثالیں ہیں جہاں کانگریس نے ڈاکٹر امبیڈکر کی مخالفت کی۔

کانگریس نے ہمیشہ ڈاکٹر امبیڈکر کے ساتھ ناانصافی کی: موہن یادو
کانگریس نے ہمیشہ ڈاکٹر امبیڈکر کے ساتھ ناانصافی کی: موہن یادو

بی جے پی کے سینئر لیڈر ڈاکٹر یادو نے کہا کہ لیکن اب کانگریس ووٹوں کی خاطر ڈاکٹر امبیڈکر کے نام کو یاد کرتی ہے۔ اس لیے یہ لوگ مہو میں جمع ہو رہے ہیں۔ انہوں نے عظیم انقلابی سبھاش چندر بوس کا نام لے کر ان کے ملک کے مفاد میں ان کے کاموں کا ذکر کیا اور کہا کہ لیکن کانگریس کے اس وقت کے لیڈروں نے مسٹر بوس کی بھی مخالفت کی اور ہمیشہ انہیں آگے بڑھنے سے روکنے کی کوشش کی۔ مسٹر بوس نے انگریزوں کے ماتحت نوکری بھی نہیں کی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی ہی صحیح معنوں میں ڈاکٹر امبیڈکر کے دکھائے ہوئے راستے پر چل رہی ہے۔ ان کے خیالات کو آگے بڑھارہی ہے۔ انہوں نے اس سمت میں مرکز کی بی جے پی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بھی بتایا۔ ڈاکٹر یادو نے اس دوران بھوپال کی ترقی کے سلسلے میں کئی اعلانات کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کو مہیشور میں ریاستی وزراء کونسل کی میٹنگ ہو رہی ہے اور اس میٹنگ میں کئی فیصلے لئے جائیں گے۔ وزراء کی کونسل بھوپال کی ترقی سے متعلق اسکیموں کو بھی منظوری دے گی۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *