دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی (عآپ) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ دہلی پولیس کا استعمال کرکے ان کی پارٹی کے انتخابی مہم کو روکنے اور ووٹرز کو ڈرا کر ان کے حق میں رائے دہی کی کارروائی کو متاثر کر رہی ہے۔ کیجریوال نے کہا کہ دہلی پولیس کے تمام اہلکار بی جے پی کے ساتھ ہیں اور اس کے ذریعے لوگوں کی حفاظت کے بجائے مخالفین کی انتخابی سرگرمیوں کو روکنے کا کام کیا جا رہا ہے۔
کیجریوال نے ایک پریس کانفرنس میں کہا، “ایک تھانہ انچارج (ایس ایچ او) نے مجھے بتایا کہ انہیں ہماری ریلیوں کو روکنے کے لیے براہ راست وزارت داخلہ سے ہدایات ملتی ہیں۔” ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی اس جانب داری سے دہلی کے عوام کی حفاظت خطرے میں پڑ گئی ہے اور بی جے پی کے کارکنوں کو پولیس کی مدد سے تشویش پھیلانے کا موقع مل رہا ہے۔